• news

قبائلی عوام جس تکلیف سے گزر رہے ہیں‘ اسلام آباد والوں کو حساب دینا ہوگا: سراج الحق

لاہور (خصوصی نامہ نگار) جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق نے کہا ہے کہ قبائلی عوام ملک کے دفاع کیلئے ایٹم بم سے زیادہ طاقتور اور فائدہ مند ہیں انہیں کو دیوار سے لگانے اور امداد کیلئے قطاروں میںکھڑا کرنے کے بجائے ان کی باعزت گھروں کو واپسی سے ہی مسائل حل ہوں گے۔ آ ج قبائلی عوام جس درد اور تکلیف سے گزر رہے ہیں اسلام آباد والوں کو انکاحساب دینا ہو گا‘  حکمرانوں کی غلط اور امریکہ نواز  پالیسیوں کی وجہ سے لاکھوں افراد بے گھر ہوئے ہیں۔ حکمران امریکہ نواز پالیسیاں ترک کرتے ہوئے امریکہ‘ آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک سے ڈکٹیشن لینے کے بجائے ایک غیرتمند اور باعزت ہونے کا ثبوت دیں۔ یوسف رضا گیلانی اور دوسرے اہم سیاسی رہنمائوں کے انکشافات کے بعد واضح ہو گیا ہے کہ ملک و قوم کے تقدیر کے فیصلے اسمبلیوں کے بجائے کہیں اور ہوتے ہیں۔ المرکز اسلامی پشاور میں الخدمت فائونڈیشن خیبر پی کے زیراہتمام آپریشن سے بے گھر ہونے والے 500 خاندانوں میں عید گفٹس اور امدادی پیکجز کی تقسیم کے موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سراج الحق نے کہاکہ ہر پاکستانی کیلئے لمحہ فکریہ ہے کہ آج 67 سال گزرنے کے بعد بھی ہمارے فیصلے واشنگٹن میںہورہے ہیں۔قبائلی عوام جو 1400 کلومیٹر سرحدی علاقے کے محافظ ہیں جہاں پر آج بھی پاکستان کی سرحدیں‘ قومی ترانے اور جغرافیائی حدود کی حفاظت کی جاتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ آج بھی آئی ڈی پیز کے بچے کیمپوں کے اندر قومی ترانہ گاتے ہیں۔ یہ اس بات کا ثبو ت ہے کہ یہ قبائلی عوام اتنی تکالیف کے بعد بھی اسلام آباد والوں سے زیادہ محب وطن ہیں۔
سراج الحق

ای پیپر-دی نیشن