• news

آپریشن ضرب عضب : میر علی میں زمینی کارروائی‘ 9 دہشت گرد ہلاک‘ 7 ٹھکانے تباہ

میرانشاہ+ پشاور (ایجنسیاں+ نوائے وقت رپورٹ) شمالی وزیرستان میں سکیورٹی فورسز نے زمینی کارروائی کے دوران 9 دہشت گردوں ہلاک جبکہ ان کے 7 ٹھکانے بھی تباہ کردئیے۔ شمالی وزیرستان  میں آپریشن ضربِ عضب کی کامیابیوں کا سلسلہ جاری ہے اور تحصیل میر علی کے مختلف علاقوں میں سیکیورٹی فورسز نے کارروائی کر کے دہشت گردوں کے 7 ٹھکانے تباہ اور 9 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔ سکیورٹی فورسز کی خوشحال اور حسوخیل کی جانب پیشقدمی جاری ہے۔ واضح رہے آپریشن میں اب تک 500 کے قریب شدت پسند ہلاک اور انکے سینکڑوں ٹھکانے تباہ کئے جا چکے ہیں جبکہ 34 جوان شہید ہوئے۔ 30 دہشت گردوں نے خود کو قانون کے حوالے کیا۔ آپریشن ضربِ عضب کے دوران بڑی تعداد میں اسلحہ اور آئی ای ڈیز بنانے کی متعدد فیکٹریاں بھی پکڑی جا چکی ہیں۔ آئی ایس پی آر کے مطابق سکیورٹی فورسز نے میر علی میں دریائے ٹوچی کی دوسری جانب دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا۔ ادھر بنوں کے علاقے جانی خیل میں سکیورٹی فورسز کی فائرنگ سے دہشت گردوں کا کمانڈر مطیع اللہ ہلاک ہوگیا جبکہ مطیع اللہ کے ایک ساتھی کو گرفتار کرلیا گیا۔ گرفتار دہشت گرد کی شناخت ولی اللہ کے نام سے ہوئی ہے جو قانون نافذ کرنیوالے اداروں کو کئی مقدمات میں مطلوب تھا۔ بتایا جاتا ہے کہ شدت پسندوں نے سکیورٹی فورسز پر حملہ کیا تھا جس کے بعد فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ دوسری جانب بنوں میں پولیس سٹیشن پر نامعلوم افراد نے دستی بم سے حملہ کیا جس سے ایک راہگیر جاں بحق ہو گیا۔
آپریشن ضربِ عضب

ای پیپر-دی نیشن