مڈٹرم الیکشن کا کوئی امکان نہیں‘ طاہر القادری کے بینک اکائونٹس میں کروڑوں ڈالر کی بے ضابطگیاں ہیں : پرویز رشید
اسلام آباد (آن لائن+ این این آئی) وفاقی وزیر اطلاعات سینیٹر پرویز رشید نے کہا ہے کہ ملک میں مستقبل قریب میں مڈٹرم انتخابات کا کوئی امکان نہیں ہے۔ فوج ایک ماہ سے اسلام آباد میں موجود ہے۔ اسکا تحریک انصاف کے لانگ مارچ سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ فوج اور حکومت ایک پیج پر ہیں۔ پی ٹی آئی کو لانگ مارچ کرنے یا نہ کرنے کی اجازت کا فیصلہ وزیراعظم کی واپسی کے بعد ہوگا۔ طاہر القادری کی بہت سی مالی بے ضابطگیاں سامنے آئی ہیں، تشہیر پر کروڑوں خرچ کرنے کا کوئی ریکارڈ نہیں، تحقیقات کررہے ہیں۔ نجی ٹی وی سے گفتگو کے دوران وزیر اطلاعات نے کہا کہ عمران خان لانگ مارچ کر کے اپنی ہی جماعت کو نقصان پہنچا رہے ہیں۔ عمران کس نیت سے اسلام آباد آتے ہیں۔ دیکھتے ہیں بلی تھیلی سے باہر نکلتی ہے یا سانپ۔ انکی خیبر پی کے میں کارکردگی صفر ہے۔ انہوں نے کہا کہ آرٹیکل 245 کے تحت فوج کو اسلام آباد میں تعینات کرنے کا تحریک انصاف کے لانگ مارچ سے کوئی تعلق نہیں۔ آرٹیکل 245 سے فوج کی اسلام آباد میں موجودگی کو قانونی تحفظ فراہم کیا گیا ہے۔ وزیر اطلاعات نے کہا کہ طاہر القادری کے بنک اکاؤنٹس میں کروڑوں ڈالر کی بے ضابطگیاں ہیں جن کی تحقیقات کی جا رہی ہے۔ قادری صاحب نے اپنی تشہیر پر جو رقوم خرچ کیں اسکا کوئی ریکارڈ نہیں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا تحریک انصاف کی طرف سے دھرنے یا مارچ کی اجازت کیلئے ابھی کوئی درخواست نہیں کی گئی اگر ملی تو اس پر غور کیا جائیگا۔ حکومت دیکھے گی عمران خان کس نیت سے اسلام آباد آتے ہیں۔ ایک انٹرویو میں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر پرویز رشید نے کہا کہ عمران خان نے 5 روزہ ٹیسٹ میچ کے پہلے روز اپنے منفی ہتھکنڈوں سے 4 دنوں کے باقی کھیل کو روکنے کی کوشش شروع کردی‘ وہ سڑکوں پر آنے کی بجائے پارلیمنٹ اور عدلیہ کے ذریعے اپنے مقاصد حاصل کیوں نہیں کرتے، اب توسابق چیف جسٹس افتخار چودھری نے عمران خان کو عدالت کے ذریعے اپنے الزامات ثابت کرنے کا موقع بھی فراہم کردیا ہے۔ ایمپائر کے فیصلوں پر کھلاڑیوں کی اپیلوں کو فوقیت دینا عمران خان کی پرانی عادت ہے۔ اسلام آباد میں آپریشن ضربِ عضب کے تناظر میں دہشت گردوں کیخلاف فوجی اقدامات کو قانونی تحفظ فراہم کرنے کیلئے فوج آرٹیکل 245کے تحت بلائی گئی ہے، فوج بلانے پر دہشت گردوں کے تحفظات تو سمجھ آتے ہیں، سیاسی جماعتوں کے تحفظات اور واویلا سمجھ سے بالاتر ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان قوم کو بتائیں کہ وہ پارلیمنٹ، آزاد عدلیہ اور آزاد میڈیا کی موجودگی میں آخر کیوں غیر جمہوری راستے اختیار کرنا چاہتے ہیں۔ اب تو سپیکر نے انتخابی اصلاحات کیلئے پارلیمانی کمیٹی کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا ہے۔ اس کمیٹی میں نہ صرف پی ٹی آئی بلکہ اس کی حامی جماعتوں کو بھی نمائندگی حاصل ہے‘ وہ کمیٹی میں جا کر اپنے تحفظات کا اظہار کریں۔ انہوں نے کہا جماعت اسلامی جمہوری سوچ کی جماعت ہے اور ہمیشہ آئین اور قانون کے مطابق مسائل حل کرنے کی بات کی ہے اور طاہر القادری بارے سراج الحق کے بیان کی مکمل تائید کرتا ہوں۔ وزیراعظم نوازشریف کے دورہ سعودی عرب میں شاہ عبداللہ سمیت دیگر رہنمائوں سے اہم ملاقاتیں ہوئی ہیں‘ ان ملاقاتوں سے دونوں ممالک کے تعلقات مضبوط ہوں گے۔
پرویز رشید