کوئٹہ: بازار میں ریموٹ کنٹرول بم دھماکہ، ایک شخص ہلاک، 14زخمی، دشمنی پر 2افراد قتل
کوئٹہ + ڈیرہ بگٹی (نوائے وقت رپورٹ+ نیوز ایجنسیاں) کوئٹہ کے بارونق اور کاروباری علاقے قندھاری بازار میں گزشتہ روز ریموٹ کنٹرول بم کا دھماکہ ہوا جس کے باعث ایک شخص جاں بحق اور 14افراد زخمی ہو گئے۔ متعدد کی حالت نازک بتائی جاتی ہے۔ کوئٹہ کے نواحی علاقے کچکوک سے نامعلوم شخص کی نعش ملی ہے جسے گولیاں مارکر قتل کیا گیا جبکہ سریاب روڈ پر نامعلوم افراد نے دیرینہ دشمنی پر فائرنگ کرکے 2افراد کو قتل کر دیا۔ ڈیرہ بگٹی کے علاقے سوئی میں سکیورٹی فورسز نے ایک مکان پر چھاپہ مارکر 10کلو گرام وزنی دھماکہ خیز مواد برآمد کر لیا ہے جبکہ ضلع پنجگور میں نامعلوم افراد نے ایک گھر پر دستی بم سے حملہ کر دیا جس کے باعث ایک شخص زخمی ہو گیا۔ تفصیلات کے مطابق اتوار کی دوپہر کوئٹہ کے بارونق اور کاروباری علاقے قندھاری بازار نزد اسلامی بینک میں اس وقت زور دھماکہ ہوا جب بچوں اور خواتین سمیت لوگ عید کی خریداری کررہے تھے دھماکہ اس قدر شدید تھا کہ اس کی آواز دور دور تک سنی گئی ارد گرد کی کئی دکانوں کے شیشے ٹوٹ گئے۔ پولیس ذرائع کے مطابق آدھا کلو دھماکہ خیز مواد سڑک کے کنارے نصب کیا ہوا تھا جو ریموٹ کنٹرول سے اڑایا گیا ہے، بعض زخمیوں کو سول ہسپتال کوئٹہ اور بعض کو سی ایم ایچ ہسپتال کوئٹہ منتقل کردیا گیا۔ ایف سی اور پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لیکر تحقیقات شروع کردی۔ وزیراعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے اس واقعے کی پولیس سے فوری طور پر رپورٹ طلب کرلی ہے۔ علاوہ ازیں سریاب روڈ پر نامعلوم افراد کی فائرنگ سے 2افراد جاں بحق ہو گئے۔ لاہور سے خصوصی نامہ نگار کے مطابق امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کوئٹہ دھماکے کی شدید مذمت کی ہے اور متاثرہ خاندانوں سے گہری ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا ہے جبکہ خصوصی رپورٹر کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے بھی کوئٹہ میں دھماکے کی شدید مذمت کی ہے۔ ادھر سکیورٹی فورسز نے سوئی ٹائون کے علاقے بگٹی کالونی میں ایک مکان پر چھاپہ مارا اور دس کلو گرام بارودو مواد، ڈیٹونیٹرز اور فیوز برآمد کرلیا۔ سکیورٹی زرائع نے کہا ہے کہ دھماکہ خیز مواد گیس تنصیبات پر دھماکے کے لئے استعمال کیا جانا تھا۔ ادھر ڈیرہ مراد جمالی میں ایک شخص نے مبینہ سیاہ کاری کے الزام میں فائرنگ کرکے اپنی بہن کو قتل کر دیا۔ ادھر جعفر آباد میں پولیس نے ٹارگٹڈ آپریشن کے دوران متعدد افراد کو گرفتار کر لیا ہے۔ علاوہ ازیں سریاب لنک روڈ پر نامعلوم افراد نے دیرینہ دشمنی پر جلال خان اور خلیل احمد کو فائرنگ کرکے مار ڈالا اور فرار ہو گئے۔