• news

عید پر ٹرانسپورٹرز کی لوٹ مار، ٹریفک وارڈن، ایل ٹی سی فورس بے بس

لاہور (شہزادہ خالد)  عید کے موقع پر اپنے گھروں کو لوٹنے والے پردیسیوں کو ٹرانسپورٹروں نے لوٹنا شروع کر دیا۔ ویگن، بسوں اور رکشہ والوں نے من مانے کرائے وصول کرنا شروع کر دئیے۔ گذشتہ روز لاہور سے دیگر شہروں کو جانے والی ٹرانسپورٹ میں شدید رش دیکھنے میں آیا۔ بسوں کی چھتوں پر بھی انتہائی خطرناک طریقے سے مسافر بیٹھے تھے۔ لاہور سے نارووال، شکر گڑھ، چک امرو، کوٹ نیناں اور ظفر وال جانے والی بسوں میں انتہائی رش تھا۔ چھتوں اور دروازوں میں بھی مسافر لٹکے ہوئے تھے۔ لاہور سے گوجرانوالہ اور شیخوپورہ جانے والی بسوں میں شدید رش کی وجہ سے چنگ چی رکشہ والے بھی مسافروں کو لے جاتے رہے۔ بس یا ویگن نہ ملنے کی وجہ سے مسافروں نے طویل سفر رکشوں پر طے کیا۔ ٹریفک وارڈن و دیگر ٹرانسپورٹ عملہ جن میں ایل ٹی سی کی فورس بھی بے بس نظر آئی۔ بسوں، ویگنوں اور رکشوں میں بھیڑ بکریوں کی طرح مسافروں کو لا دا گیا تھا۔ طاقتور ٹرانسپورٹ مافیا کی طرف سے اکثر روٹوں پر مسافر ٹرینوں کی آمدو رفت بند کرانے سے بھی مسافروں کو اپنے گھروں تک پہنچنے کے لئے شدید دشواری کا سامنا رہا۔ مسافروں ملک شفیق، حافظ محمود، ظفر سلہریا، طارق رشید، زاہد شاہ و دیگر نے نوائے وقت کو ٹیلی فون کر کے بتایا ٹرانسپورٹ مافیا کے زیر اثر بند کی جانے والی ٹرینیں فوری بحال کی جائیں۔ انہوں نے بتایا لاہور سے فیصل آباد جانے والی ڈاچی ایکسپریس، رچنا اور ماڑی انڈس ٹرینوں کو بند کر دیا گیا ہے جس سے تہواروں اور روزانہ سفر کرنے والے مسافروں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ ڈیلی پسنجر ایسوسی ایشن کے صدر مقبول شاہد نے ارباب اختیار سے ٹرانسپورٹ کی صورتحال بہتر کرنے، ٹرینوں کو بحال کرنے اور زائد کرایہ وصول کرنے والوں کے خلاف ایکش کا مطالبہ کیا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن