مجید نظامی کشمیریوں کی آزادی کے سب سے بڑی حامی تھے‘ صلاح الدین: ریذیڈنٹ ایڈیٹر نوائے وقت سے ملاقات میں اظہار تعزیت
اسلام آباد (سپیشل رپورٹ) مقبوضہ کشمیر میں آزادی کشمیر کے لئے برسرپیکار منظم حزب المجاہدین کے کمانڈر سید صلاح الدین نے کہا ہے کہ مجید نظامی کشمیریوں کی آزادی کے پاکستان میں سب سے بڑے حامی تھے۔ نوائے وقت اسلام آباد کے ریذیڈنٹ ایڈیٹر جاوید صدیق کے ساتھ ملاقات میں جناب مجید نظامی کی وفات پر اظہار تعزیت کرتے ہوئے سید صلاح الدین نے کہا کہ مجید نظامی نے پوری زندگی کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کی بات کی وہ کشمیر کی آزادی کے لئے جہاد کے پر جوش حامی تھے۔ آپ کی وفات پر کشمیری قوم یہ محسوس کرتی ہے کہ ان کے ایک بہت بڑے ترجمان ختم ہو گئے ہیں سید صلاح الدین نے توقع ظاہر کی کہ ادارہ نوائے وقت نظریہ پاکستان کے تحفظ اور کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کی حمایت جاری رکھے گا اور جناب مجید نظامی کے مشن کو آگے بڑھاتا رہے گا۔