مجید نظامی جیسی شخصیت پہلے آئی نہ آئندہ آئے گی: پرویز رشید
لاہور (کلچرل رپورٹر) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات پرویز رشید نے کہا ہے کہ جناب مجید نظامی ایک عہد کا نام ہے ان جیسی شخصیت پہلے آئی نہ ان کے بعد آئے گی۔ موجودہ عہد کو نظامی صاحب عہد کہہ سکتے ہیں۔ وہ اتنی بڑی شخصیت تھے کہ ان سے اختلاف کرنے والے بھی ان کے وجود کو تسلیم کرتے تھے۔ پاکستان کی سیاست جناب مجید نظامی کے بغیر مکمل نہیں ہو سکتی۔ پاکستان کی دفاعی صلاحیت کو مضبوط بنانے میں ان کا بہت اہم کردار ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے نوائے وقت گروپ ایڈیٹر محترمہ رمیزہ مجید نظامی سے معمار نوائے وقت گروپ جناب مجید نظامی کے انتقال پر تعزیت کے بعد نوائے وقت کے ساتھ گفتگو میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ لفظوں میں اپنی بات کہنے کا جو ہنر انہیں حاصل تھا وہ بہت کم لوگوں کو میسر ہے۔ میرا ان کے ساتھ اختلاف بھی رہا ہے مگر اس کے باوجود وہ مجھ سے بہت محبت کرتے تھے۔ پاکستان کی سیاست اور صحافت پر جناب مجید نظامی کی گہری چھاپ نظر آتی ہے۔ نظامی صاحب ایک ایسے عہد کا نام ہے جو ان کے نام سے شروع ہوتا تھا اور ان کے نام پر ہی ختم ہو جاتا ہے۔ سیاستدان ان کے الفاظ سن اور پڑھ کر پاکستان کی سیاست کا تعین کرتے تھے ان کا کوئی متبادل نہیں ان کے مخالف بھی ان کی بات کو سنتے تھے۔ پاکستان کے بارے میں ان کا جو فلسفہ تھا کچھ لوگ اس سے متفق نہیں تھے وہ بھی ان کے پاس آتے تھے اور ان کی باتیں سنتے تھے۔ وہ اپنی صفات میں یکتا تھے ان کی کمی پوری نہیں ہو سکتی۔