خضدار: زائرین کی بس کے قریب بارودی مواد کا دھماکہ، 7 افراد زخمی
ڈیرہ بگٹی (بی بی سی ڈاٹ کام+ ثناء نیوز) بلوچستان کے ضلع خضدار میں زائرین کی بس کو بارودی مواد دھماکے میں نشانہ بنایا گیا جس کے نتیجے میں 7 افراد زخمی ہوگئے ہیں۔ لیویز فورس کے مطابق زخمی ہونے والے زائرین ہیں جو کہ کوہ مراد سے واپس آرہے تھے۔خضدار میں لیویز فورس کے ایک اہلکار نے بتایا یہ واقعہ ضلع کے علاقے گریشہ میں پیش آیا۔ اہلکار نے بتایا کہ گریشہ اور دیگر علاقوں سے تعلق رکھنے والے زائرین زیارت کے لئے ضلع کیچ کے علاقے کوہ مراد گئے تھے۔ کوہ مراد میں زیارت کے بعد واپسی پر جب ان کی گاڑی گریشہ موڑ پر پہنچی تو اس کے قریب دھماکہ ہوا۔ دھماکہ اس بارودی مواد کے باعث ہوا جسے نامعلوم افراد نے گریشہ موڑ کے علاقے میں نصب کیا تھا۔ اہلکار نے بتایا کہ بس کا اگلا حصہ دھماکے کی زد میں آگیا جس سے ڈرائیور سمیت 7 افراد زخمی ہوئے۔ علاوہ ازیں ڈیرہ بگٹی میں لوٹی گیس فیلڈ میں مسلح افراد نے گیس پائپ لائن کو دھماکہ خیز مواد سے اڑا دیا جس سے کئی علاقوں کو گیس کی فراہمی منقطع ہو گئے۔ تخریب کاری کے واقعہ کے بعد سکیورٹی اہلکاروں نے علاقہ کو گھیرے میں لے لیا اور نامعلوم ملزمان کی تلاش شروع کر دی۔سریاباروڈ کوئٹہ پر ریلوے ٹریک دھماکہ سے تباہ ہوگئی۔ اکبر بگٹی ایکسپریس حادثے سے بال بال بچ گئی جسے ریلوے سٹیشن پر روک لیا گیا۔