مقبوضہ کشمیر: بھارتی فوج کا کریک ڈائون جاری، سینکڑوں بیگناہ نوجوان گرفتار، نضر بند حریت قائدین نامعلوم مقام پر منتقل
سری نگر ( اے این این ) مقبوضہ کشمیر میں پولیس نے حریت قیادت اور نوجوانوں کے خلاف کریک ڈائون جاری رکھا اس دوران سینکڑوں بے گناہ نوجوانوں کو حراست میں لے کر تھانوں میں بند کردیاگیا ، بلاجواز گرفتاریوں اور بھارتی فورسز کی جانب سے گھر گھر تلاشی کارروائیوں کے خلاف ہزاروں مشتعل افراد نے شدید احتجاج کیا۔ تفصیلات کے مطابق مقبوضہ وادی میں بھارتی پولیس اور فورسز نے حریت جماعتوں اور لیڈران و کارکنان کے خلاف کارروائیاں تیز کر دیں۔ پولیس اور فورسز نے سرینگر شہر اور وسطی و شمالی کشمیر سے 250 سے زیادہ مزاحمتی کارکنان اور گزشتہ برسوں میں ہونے والی گرمائی ایجی ٹیشن کے دوران پولیس ایف آئی آر کی زد میں آنے والے نوجوانوں کی گرفتاری عمل میںلائی۔ ادھر شہر کے ایک حساس علاقہ مائسمہ میں پولیس نے دوران شب چھاپے ڈال کر مزاحمتی کارکن جمیل احمد وار سمیت کئی افراد کو گرفتار کر لیا جبکہ پولیس کی گرفتاری سے بچنے کیلئے حریت کانفرنس (ع) کے لیڈر اور پیپلز پولیٹیکل پارٹی کے چیئرمین ہلال احمد وار روپوش ہو گئے ہیں۔ تحریک مزاحمت کے چیئرمین بلال صدیقی و دیگر کئی رہنمائوں کو بھی گرفتار کیاگیا۔ حریت کانفرنس جموں کشمیر کے سینئر رہنما وںشبیر احمد شاہ اور نعیم احمد خان کو مسلسل نظربندی کے بعد گرفتار کر کے نامعلوم جگہ پرمنتقل کردیا۔