• news

لوئر دیر : سکیورٹی فورسز پر فائرنگ‘ 3 اہلکار زخمی‘ ایک خاتون جاں بحق

دیر+نوشہرہ (آئی این پی+ثناء نیوز ) لوئر دیر کے ضلعی ہیڈ کوارٹر تیمر گرہ میں سکیورٹی فورسز کے سرچ آپریشن کے دوران ایک مکان سے فورسز پر فائرنگ کی گئی جس کے نتیجے میں 3 سیکورٹی اہلکار شدید زخمی،جبکہ فائرنگ کے نتیجے میں گھر میں موجود ایک خاتون جاں بحق جبکہ ان کا ایک بیٹا زخمی ہوگئے جاں بحق اور زخمی افراد کو ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال تیمرگرہ منتقل کردیا گیا ہے۔ علاوہ ازیں واقعہ کے بعد ضلع کے سب سے بڑے تجارتی مرکز تیمر گرہ میں کرفیو نافذ کردیا گیا ہے اور شہر کو آنے اور جانے والے تمام راستے بند کر دیئے گئے ہیں۔ لوئر دیر میں عید کی تیاریوں کے سلسلے میں تجارتی مرکز کی بندش نے شہریوں کو شدید پریشانی سے دوچار کیا ہے۔ادھر نوشہرہ چاند رات کو تخریب کاری کی بڑی کارروائی ناکام‘ مقامی تاجر کے مین گیٹ پر نصب کئے گئے پانچ پانچ کلوگرام کے دو ریمورٹ کنٹرول بم برآمد کرکے ناکا م بنا دیئے گئے۔رسالپورآرمی گیٹ نمبر تین کے قریب آرمی پولیس کی مشترکہ چیک پوسٹ پر دو مسلح موٹرسا ئیکل سواروں کو اسلحہ سمیت گرفتار کرلیا گیا۔چاند رات کی خوشی میں ہوائی فائرنگ کرنے والے 20سے زائد ملزمان کے خلاف مختلف تھانوں میں مقدمات درج کر لیے گئے۔

ای پیپر-دی نیشن