پشاور‘ گاڑی میں سوار میاں بیوی اور کمسن بچوں پر پولیس کی فائرنگ
پشاور (آئی این پی) پشاور میں پولیس اہلکاروں نے عید کی شاپنگ کیلئے گاڑی میں سوار میاں بیوی اور معصوم بچوں کو دہشت گرد قرار دے کر گاڑی پر اندھا دھند فائرنگ کردی۔ موبائل وڈیو نے پولیس کے جھوٹ کا بھانڈا پھوڑ دیا۔ پیر کو پشاور میں یونیورسٹی تھانہ کی حدود میں ٹریفک پولیس اہلکاروں نے ایک گاڑی کو بلاوجہ سڑک کنارے روک کر آگے جانے سے منع کردیا گاڑی میں سوار میاں بیوی اور بچوں نے احتجاج کیا تو ٹریفک پولیس اہلکار اور عام پولیس اہلکاروں نے معمولی تکرار کے بعد شہزاد نامی شخص کو گاڑی سے اتار کر اس پر لاتوں اور گھونسوں کی بارش کردی۔ شہزاد کی بیوی اور بچے پولیس اہلکاروں کی منت سماجت کرتے رہے لیکن وہ ایک نہ مانے۔ ٹریفک پولیس اور عام پولیس اہلکاروں نے شدید غصے کے عالم میں گاڑی پر اندھا دھند فائرنگ کی اور واویلا مچایا کہ گاڑی میں دہشت گرد سوار تھے۔خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہ ہوا۔ قریب کھڑی ایک گاڑی میں سے شہری نے موبائل پر یہ تمام مناظر ریکارڈ کرلئے جس نے پولیس کی جانب سے بولے گئے جھوٹ کا پردہ فاش کردیا۔