• news

عید خوشیاں بانٹنے کا دن ہے، مصیبتوں کے بوجھ تلے دبے بھائیوں کو بھی شریک کرنا چاہئے: سراج الحق

لاہور(خصوصی نامہ نگار) امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے عیدالفطر کے مبارک موقع پر قوم کو عید کی مبارکباد دیتے ہوئے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ عید خوشیاں بانٹنے کا دن ہے، حقیقی خوشی ہمیشہ اسے نصیب ہوتی ہے جو اس خوشی میں دوسروں کو شامل کرتا ہے، خاص طور پر معاشرے کے پسے ہوئے اور دکھوں، پریشانیوں اور مصیبتوں کے بوجھ تلے دبے ہوئے انسانوں کو بھی اپنی خوشیوں میں شریک کرتا ہے۔ انہوں نے کہا آج ہم عید اس حال میں منارہے ہیں کہ شمالی وزیرستان سے ہمارے 10لاکھ بہن بھائی اپنے گھروں سے محروم در بدرکی ٹھوکریں کھانے اور امدادی کیمپوں میں کسمپرسی کی زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔ فلسطین کے نہتے اور مظلوم عوام پر صیہونی درندوں کی بمباری جاری ہے جس میں روزانہ معصوم بچوں اور خواتین سمیت بڑی تعداد میں لوگوں کا قتل عام کیا جارہا ہے لیکن عالمی برادری اور عالمی امن کے دعویدار مجرمانہ خاموشی اختیار کیئے ہوئے ہیں اور اس سے بھی زیادہ دکھ اور شرم کی بات یہ ہے کہ پاکستان سمیت 57مسلم ممالک کے حکمران خاموشی سے تماشہ دیکھ رہے ہیں۔ سراج الحق نے قوم سے اپیل کی کہ کشمیر ،فلسطین ،برما، افغانستان ،عراق ،شام اور ایریٹیریا سمیت دنیا بھر کے مظلوم مسلمانوں کو اپنی دعائوں میں یاد رکھیں، یتیموں، بیوائو ں اور غرباء و مساکین خصوصی توجہ اور ہمدردی کے مستحق ہیں انہیں بھی اپنی خوشیوں میں شامل کریں۔ سراج الحق نماز عیدالفطر اپنے گائوں ثمر باغ میں پڑھیں گے اور نماز عید کے اجتماع خطاب کریں گے۔ سراج الحق 2اگست بنوں میں آئی ڈی پیز کے ہمراہ گزاریں گے اور 3اگست کو پشاور میں عید ملن کے اجتماع سے خطاب کریں گے۔

ای پیپر-دی نیشن