آئی ڈی پیز کیمپ کا دورہ‘ شمالی وزیرستان میں دو ہزار گھر‘ ہسپتال‘ یونیورسٹی‘ دانش سکول بنائیں گے : شہباز شریف
لاہور (خصوصی رپورٹر) وزیراعلیٰ شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان قائم رہنے کے لئے بنا ہے، دہشت گردی پاکستان کا مقدر نہیں، دہشت گرد پاکستان کے کھلے دشمن ہیں اور افواج پاکستان کاایک ہی مکا پڑے گا تو دہشت گرد دور دور تک نظر نہیں آئیں گے۔ وہ عید کے دوسرے روز بنوں میں بکاخیل کے مقام پر شمالی وزیرستان کے بے گھر افراد سے خطاب کررہے تھے۔ وزیراعلی نے پاک افواج کے افسروں اور جوانوں کی قربانیوں کو شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ جنگ 1965 کی جنگ سے بھی اہم ہے کیونکہ 1965 کی جنگ ایک مخصوص مقصد کے حصول کے لئے لڑی گئی تھی جبکہ موجودہ جنگ پاکستان کی بقاء کی جنگ ہے۔ عوام اس جنگ میں اپنی بہادر افواج کے ساتھ کھڑے ہیں۔ شمالی وزیرستان کے عوام نے پاکستان کی سالمیت کے لئے اپنے گھر بار چھوڑ کر جو قربانی دی ہے وہ پاکستانی قوم پر احسان ہے۔ خدا کی قسم آپ جب تک اپنے گھروں کو واپس نہیں چلے جاتے ہم چین سے نہیں بیٹھیں گے۔ شہباز شریف نے اس موقع پر شمالی وزیرستان میں حکومت پنجاب اور صوبے کے عوام کی طرف سے 2ہزار گھر تعمیر کرنے کا اعلان کیا۔ جدید ترین ہسپتال قائم کرنے کا بھی اعلان کیا۔ انہوں نے یہ اعلان بھی کیا کہ حکومت پنجاب شمالی وزیرستان میں لڑکوں اور لڑکیوں کے لئے ایک شاندار یونیورسٹی اور ایک دانش سکول بھی قائم کرے گی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ حکومت پنجاب کی طرف سے اب تک 40ہزار خاندانوں کو فی خاندان 7ہزار روپے کی شرح سے 28کروڑ روپے کی رقم تقسیم کی جاچکی ہے۔ اگلے کچھ روز میں بے گھر افرادکے 54ہزار خاندانوں میں اسی شرح سے رقوم کی تقسیم مکمل ہوجائے گی۔ انہوں نے اعلان کیا کہ اگست میں ان تمام 54ہزار خاندانوں میں ایک بار پھر فی خاندان 7ہزار روپے کی شرح سے کروڑوں روپے تقسیم کئے جائیں گے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ قبائلی عوام نے صرف قیام پاکستان کے لیے ہی نہیں بلکہ اس کے استحکام کے لئے بھی تاریخی کردار ادا کیا ہے۔ امن کے بغیر خوشحالی ممکن نہیں۔ ایسا نہیں ہوسکتا ہے کہ ملک میں دہشت گردی کی آگ بھی لگی رہے اور ترقی کا سفر بھی جاری رہے۔ وزیراعلیٰ نے بے گھر افراد میں عید گفٹ پیک تقسیم کئے۔ بعدازاں انہوں نے ان افراد کے ساتھ مل کر کھانا کھایا اور بچوں کو عیدی دی۔ آئی ڈی پیز کے کیمپ آمد پر وزیراعلیٰ کو قبائلی عمائدین کی جانب سے روایتی پگڑی پہنائی گئی۔ شہبازشریف کا 14روز کے اندر شمالی وزیرستان کے بے گھر افراد سے اظہار یکجہتی کے لئے یہ دوسرا دورہ تھا۔ وزیراعلیٰ نے عید کے روز بنوں جانا تھا لیکن موسم کی خرابی کے باعث وہ بنوں نہ جا سکے۔ علاوہ ازیں شہباز شریف نے نماز عیدالفطر ماڈل ٹائون میں ادا کی، وزیراعلیٰ لوگوں سے عید ملے۔ اس موقع پر ملک کی ترقی، خوشحالی اور امن و سلامتی کیلئے دعا کی گئی۔ شہباز شریف نے عید کے روز چلڈرن ہسپتال کا دورہ کیا۔ انہوں نے ہسپتال میں زیرعلاج بچوں میں عید تحائف اور عیدی تقسیم کی۔ وزیراعلیٰ کو دیکھ کر ہسپتال کے باہر زیرعلاج بچوں کی عیادت کیلئے آئے لوگوں کی بڑی تعداد جمع ہو گئی اور انہوں نے ’’وزیراعلیٰ شہباز زندہ باد‘‘ کے نعرے لگائے۔ شہباز شریف نے عید کے روز گورنر پنجاب چودھری محمد سرور سے ملاقات کی۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، آئی ڈی پیز کے لئے امدادی سرگرمیوں اور دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں رہنمائوں نے ایک دوسرے کو عید کی مبارکباد بھی دی۔ شہباز شریف نے لاہور سمیت مختلف شہروں میں شدید بارشوں کے حوالے سے انتظامیہ اور متعلقہ اداروں کو پوری طرح چوکس رہنے کی ہدایات جاری کیں۔
شہباز شریف