• news

مجید نظامی کی یاد میں قومی ادبی ریفرنس 5 اگست کو اسلام آباد میں ہو گا

اسلام آباد (نیوز ڈیسک)  اسلام آباد کی 58 سے زائد ادبی ثقافتی  اور سماجی تنظیموں کا اجلاس ڈاکٹر غضنفر مہدی چیئرمین دائرہ کی زیر صدارت  منعقد ہوا۔  جس  میں مجید نظامی  کے انتقال  کو ملک کیلئے ناقابل تلافی نقصان  قرار دیتے ہوئے  کہا گیا کہ  مرحوم تحریک پاکستان  کے کارکن اور نظریہ پاکستان کے عظیم محافظ  تھے۔ انہوں  نے زندگی  بھر جمہوریت  کا پرچم  بلند رکھا اور آمریت  کے خلاف جہاد کیا۔وہ جمہوریت  پسند طبقوں کیلئے مینارہ نور  تھے۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ  دائرہ  کے زیر اہتمام  مجید نظامی  کی یاد میں اسلام آباد میں قومی ادبی ریفرنس 5 اگست کو منعقد کیا جائے گا۔  اجلاس  سے پاکستان کلچرل فورم کے چیئرمین ظفر بختاوری ، آئینہ  کے چیئرمین ملک فداالرحمن، پروفیسر  ڈاکٹرانعام الحق جاوید،  پروفیسر  احسان اکبر،  لیفٹیننٹ جنرل عبدالقیوم،  ملک محمد اقبال،  احسان کبریا،  نعیم اکرم قریشی، ایم کوکب اقبال ایڈووکیٹ،  طارق  شاہد،  پروفیسر توصیف  تبسم اور محترمہ  آسیہ چودھری نے مجید نظامی  کی قومی، صحافتی  اور ادبی خدمات  پر روشنی ڈالی۔ آخر میں  مجید نظامی کی مغفرت کیلئے فاتحہ  خوانی کی گئی۔

ای پیپر-دی نیشن