کمانڈ اور مواصلاتی انفراسٹرکچر تباہ کر دیا‘ دہشت گردوں کو واپس نہیں آنے دینگے : آرمی چیف
راولپنڈی (این این آئی+ آئی این پی) پاک فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف نے کہا ہے کہ شدت پسندوں کو شمالی وزیرستان میں واپس نہیں آنے دیا جائیگا۔ عید کے روز شمالی وزیرستان میں فوجیوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے فوجی آپریشن کے نتائج اور پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے فوجیوں کے جذبے کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہوں نے بڑی جرات کے ساتھ آپریشن میں حصہ لیا ہے۔ آرمی چیف نے فوجیوں پر زور دیا کہ وہ آپریشن کے دوران دہشت گردوں کیخلاف توجہ مرکوز رکھیں، انہوں نے کہا کہ شدت پسندوں کا کمانڈ اور کنٹرول سسٹم تباہ کر دیا گیا ہے، مسلح افواج کبھی انہیں اس علاقے میں واپس نہیں آنے دیں گی، انہوں نے افغانستان کیساتھ سرحدی انتظام کو مزید مضبوط بنانے پر زور دیا تاکہ سرحد کے اس پار سے شدت پسند پاکستانی علاقے میں داخل نہ ہوں، انہوں نے کہا کہ افغانستان سے شدت پسندوں کے پاکستانی علاقے میں داخل ہونے سے سکیورٹی پر منفی اثرات مرتب ہوتے ہیں، پورے ملک سے دہشت گردی کی لعنت کو ختم کر دیا جائیگا۔ قوم کی مدد سے پاکستان کو دہشت گردی سے پاک ریاست بنایا جا سکتا ہے، آرمی چیف نے عید فوجیوں کیساتھ شمالی وزیرستان میں گزاری اور بعد میں بنوں میں شمالی وزیرستان کے فوجی آپریشن کے نتیجے میں بے گھر ہونیوالے قبائلیوں کے کیمپ گئے، انہوں نے لوگوں سے بات چیت کرتے ہوئے بے گھر لوگوں کو یقین دلایا کہ ان کی بحالی کیلئے منصوبے پر کام ہو رہا ہے، مسلح افواج ان کے علاقے میں امن اور ترقی کو یقینی بنائیگی۔ ملکی تاریخ میں پہلی بار پاک فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف نے آپریشن ضرب عضب میں اگلے محاذوں پر برسرپیکار جوانوں کے ساتھ عید منائی‘ وہ عید کی رات شمالی وزیرستان پہنچے اور ساری رات میران شاہ کے کیمپ میں جوانوں کے ساتھ گزاری۔ آئی ایس پی آرکے مطابق چیف آف آرمی سٹاف کی آمد پر آپریشن کمانڈر نے انہیں آپریشن کے بارے میں پیش رفت پر بریفنگ دی۔ جنرل راحیل شریف نے شمالی وزیرستان میں آپریشن میں اب تک کی پیش رفت اور کامیابیوں پر مکمل اطمینان کا اظہار کیا۔ چیف آف آرمی سٹاف جوانوں سے ملے۔ انہوں نے کہاکہ دہشت گردوں کا کمانڈ اور کمیونیکیشن انفراسٹرکچر تباہ کر دیا ہے، ہم انہیں کبھی واپس آنے نہیں دیں گے۔ انہوں نے شہداء اور غازیوں کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا جنہوں نے مادر وطن کا دفاع کرتے ہوئے عظیم قربانی دی۔ انہوں نے کہاکہ ہم ملک بھر سے دہشت گردی کی لعنت کے خاتمہ تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔ صرف پوری قوم کی مستقل توجہ سے ہی ہم ملکر دہشت گردی سے آزاد پاکستان کا مقصد حاصل کر سکتے ہیں۔ آئی ڈی پیز سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے قوم اور پاک فوج کی طرف سے متاثرین کو نہ صرف ریلیف کی فراہمی بلکہ ان کی دوبارہ آبادکاری کے سلسلہ میں اپنے بھرپور تعاون اور عزم کا یقین دلایا۔
آرمی چیف