ٹی ٹونٹی ورلڈکپ میں میرا بیٹنگ آرڈر تبدیل کیا گیا : کامران اکمل
لاہور (نمائندہ سپورٹس) مصباح الحق جب وائس کپتان تھے انہوں نے ہمیشہ یہ بات کی کہ کامران اکمل کو اوپنر یا نمبر تین پر کھلایا جائے لیکن کپتان بننے کے بعد انہوں نے اپنا مؤقف تبدیل کر لیا۔ بنگلہ دیش میں ہونیوالے ٹونٹی 20 ورلڈ چیمپئن شپ سے پہلے میں ٹاپ آرڈر میں کھیل رہا تھا جبکہ میگا ایونٹ میں میرا بیٹنگ آرڈر ہی اچانک تبدیل کر دیا گیا۔ ان خیالات کا اظہار ٹیسٹ وکٹ کیپر بلے باز کامران اکمل نے نوائے وقت سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ 2007ء میں شعیب ملک کی کپتانی میں بھی ٹاپ آرڈر میں رنز کئے اسی طرح انضمام الحق کی قیادت میں بھی اوپر کے نمبروں پر موقع ملا تو عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ میگا ایونٹ میں بیٹنگ کے شعبے میں میری کارکردگی متاثر کن نہیں تھی لیکن وکٹ کیپنگ اچھی تھی۔ بیٹنگ میں خراب کارکردگی پر مجھے ڈراپ تو کر دیا جاتا ہے لیکن کبھی یہ نہیں دیکھا گیا کہ مجھے مناسب بیٹنگ آرڈر نہیں دیا گیا۔ میں دلبرداشتہ نہیں ہوا مجھے اپنی صلاحیتوں پر یقین ہے۔ میں واپسی کیلئے پہلے سے زیادہ محنت کروں گا اور بھرپور طریقے سے کم بیک کی تیاری کروں گا۔ میرا مقصد کسی پر تنقید نہیں اور نہ ہی میں اپنی خراب کارکردگی کا دفاع کر رہا ہوں۔ میں نے صرف حقائق پیش کئے ہیں تاکہ ان پر بھی غور کیا جا سکے۔