قومی ہاکی ٹیم کے منیجر و چیف کوچ شہناز شیخ نے فیڈریشن سے تجربہ کار کوچ مانگ لیا
لاہور(سپورٹس رپورٹر) پاکستان سینئر ہاکی ٹیم کے منیجر و چیف کوچ شہناز شیخ نے اپنے کوچنگ سٹاف پر عدم اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے پاکستان ہاکی فیڈریشن سے کوچنگ سٹاف میں تجربہ کار کوچ کی ڈیمانڈ کر دی ہے۔ ذرائع کے مطابق پاکستان ہاکی فیڈریشن نے ایشین گیمز کے ٹائٹل کے دفاع کے لئے قومی ٹیم کی ذمہ داریاں سابق اولمپئن شہنار شیخ کو سونپ رکھی ہیں جنہیں ٹیم کا ہیڈ کوچ بنائے جانے کے علاوہ منیجر بھی بنایا گیا ہے جبکہ ان کے ساتھ کوچنگ سٹاف میں شفقت ملک اور سمیر حسین جیسے اولمپئن کی خدمات سونپ رکھی ہیں۔ قومی ٹیم کے ممکنہ کھلاڑیوں کے تربیتی کیمپ کے دوران بھی ایسے واقعات پیش آئے ہیں جن کی بنا پر ہیڈ کوچ نے پاکستان ہاکی فیڈریشن سے اپنے کوچنگ سٹاف میں تجربہ کار افراد کی شمولیت کا مطالبہ کیا تھا۔ ایشین گیمز ٹورنامنٹ جیسے جیسے قریب آتا جا رہا ہے ہیڈ کوچ کی پریشانیوں میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔ ذرائع کے مطابق چیف کوچ نے پاکستان ہاکی فیڈریشن سے خواہش کا اظہار کیا ہے کہ انہیں طاہر زمان جیسے تجربہ کار کوچ کی ساتھ خدمات فراہم کی جائیں تاکہ ایشین گیمز کے ٹائٹل کے دفاع کے لئے بھرپور تیاری کی جا سکے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ چیف کوچ ایشین گیمز کے مشکل ہدف کی وجہ سے پریشان ہے اگر اچھا رزلٹ نہ آیا تو وہ تمام ذمہ داری اس کوچ پر ڈال کر خود بر ی الذمہ ہو جائیں گے جبکہ موجودہ کوچنگ سٹاف کی موجودگی میں ٹیم کی اچھی اور بری کارکردگی کے ذمہ دار وہ خود ہونگے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ موجودہ صورتحال میں جب ایشین گیمز کا اہم ایونٹ سر پر پہنچ گیا ہے قومی ٹیم کو ایک بھی انٹرنیشنل میچ کی سہولت میسر نہیں آ سکی ہے جبکہ ٹورنامنٹ میں شریک دیگر ٹیموں نے ایونٹ کی تیاری کے لئے کئی انٹرنیشنل میچز کھیل رکھے ہیں۔