• news

ارباب اختیار کا کوہ پیمائی کو نظرانداز کرنا حیران کن ہے : ثمینہ بیگ

لاہور (نمائندہ سپورٹس) کھیلوں کے ارباب اختیار کی کوہ پیمائی جیسے اہم کھیل کو نظرانداز کرنا حیران کن ہے۔ ہم اس کھیل کے ذریعے دنیا بھر میں کھیلوں سے محبت کرنے والے ملک کا تاثر بہترین انداز میں پیش کر سکتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار عالمی شہرت یافتہ کوہ پیما ثمینہ بیگ نے نوائے وقت سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ میں نے آئندہ سیزن میں دنیا کی دوسری بڑی اور کوہ پیمائی کیلئے مشکل ترین چوٹی کے ٹو کو سر کرنے کا پروگرام بنایا ہے۔ امید ہے کہ میں اپنے اس مقصد میں کامیاب ہو جاؤں گی۔ ثمینہ بیگ نے کہا کہ اس کھیل کے بارے میں شعور اور آگاہی کیلئے اقدامات کی ضرورت ہے۔ میں اور میرا بھائی علی بیگ اپنے وطن سے بے پناہ محبت کرتے ہیں۔ علی بیگ ہر وقت وہ ٹی شرٹ پہنے رکھتا ہے جس پر لکھا ہے ’’میں پاکستان سے پیار کرتا ہوں‘‘ ثمینہ نے کہا کہ کوہ پیمائی کے فروغ اور زیادہ سے زیادہ خواتین کو اس طرف ترغیب دینے کیلئے بہت جلد ہنزہ یا سکردو میں ایک اکیڈمی قائم کروں گی۔ اس اکیڈمی کے قیام سے میں اپنا تجربہ اور شوق پاکستان کے ان لوگوں کو منتقل کرنا چاہتی ہوں جو اس طرف آنا چاہتے ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن