پیپلز پارٹی نے بدلتی صورتحال کو جمہوریت کیلئے خطرناک قرار دے دیا
اسلام آباد (آن لائن) بدلتی ہوئی سیاسی صورتحال پر پیپلزپارٹی کے رہنماؤں کا کہنا ہے موجودہ جمہوری نظام خطرے سے دوچار نظر آ رہا ہے۔ ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ کسی سول حکومت کی جانب سے پانچ سالہ مدت پوری کرنے کا ریکارڈ پیپلز پارٹی کے گذشتہ دور میں بنا اور اس پارٹی کے رہنماؤں کے نزدیک اب جمہوریت خطرے سے دوچار ہے۔ میڈیار پورٹ کے مطابق سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کا کہنا ہے ان کی حکومت کیخلاف بھی بہت سی قوتیں سرگرم رہیں یہاں تک کہ مسلم لیگ ن نے بھی سازشیں کیں۔ سینیٹر رحمان ملک کہتے ہیں مسلم لیگ ن کی حکومت کو اپنی مدت پوری کرنی چاہئے، آصف علی زرداری نے بھی سیاسی نظام کے استحکام کیلئے نواز حکومت کو اپنا کندھا پیش کیا ہے۔ مبصرین کا کہنا ہے پیپلز پارٹی کے قائدین کے بیانات اپنی جگہ تاہم ملک کی بدلتی ہوئی سیاسی صورتحال میں حکومت کو بھی مفاہمت کیلئے ہاتھ بڑھانا ہو گا ورنہ کہیں ایسا نہ ہو سیاسی مفادات کی جنگ میں مسلم لیگ ن تنہا رہ جائے۔