ڈاکٹر عافیہ کی رہائی کیلئے آن لائن پٹیشن حوصلہ افزا اقدام ہے: فوزیہ صدیقی
کراچی (آئی این پی) قوم کی بیٹی ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی رہائی کیلئے دائر کی گئی آن لائن پٹیشن میں بھرپور حصہ لینے پر عافیہ موومنٹ کی چیئرپرسن ڈاکٹر فوزیہ صدیقی نے پاکستانی، امریکی، سائوتھ افریقہ اور دیگر ممالک کی سول سوسائٹیز کا شکریہ ادا کرتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ آن لائن دستخطی مہم میں مطلوبہ ہدف پورا ہو جائے گا۔ عافیہ موومنٹ میڈیا سیل کے اعلامیہ کے مطابق اب تک وائٹ ہائوس کی آفیشل ویب سائٹ پر دائر پٹیشن پر 85 ہزار سے زائد افراد دستخط کرچکے ہیں۔ 2 اگست تک مزید پندرہ ہزار دستخطوں کی ضرورت ہے۔ واضح رہے آن لائن پٹیشن پر دستخط کرنے میں محض تین منٹ صرف ہوتے ہیں۔ اس پٹیشن کی اہمیت اس لئے بھی اہم ہے کہ پہلی بار براہ راست وائٹ ہائوس تک عافیہ صدیقی کی رہائی کے عالمی عوامی مطالبے کی باضابطہ رسائی ہوگی جو ایک امریکی شہری کی جانب سے دائر کی گئی ہے جو انتہائی حوصلہ افزا قدم ہے۔ ڈاکٹر فوزیہ صدیقی نے کہا کہ ڈاکٹر عافیہ کی رہائی، وطن واپسی اور خاندان سے ملاپ کیلئے پاکستان کے پرنٹ اور الیکٹرونک میڈیا اور عالمی سول سوسائٹی کے تعاون سے جدوجہد جاری ہے۔ انہوں نے آن لائن پٹیشن دستخطی مہم کے آخری تین یوم میں بھرپور حصہ لینے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی رہائی انصاف اور انسانیت کی فتح ہوگی۔