• news

مطالبات منظوری کے بغیر آزادی مارچ ختم کیا گیا تو تحریک انصاف ختم ہو جائے گی: شیخ رشید

لاہور (آئی این پی) عوامی مسلم لیگ کے سر براہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے  عمران خان نے14اگست کو مطالبات کی منظوری کے بغیر آزادی مارچ ختم کیا تو تحریک انصاف ’’ختم‘‘ ہو جائیگی۔ فوج ملک میں جمہوریت کا خاتمہ نہیں چاہتی مگر فوج عوام کے ساتھ ہے۔ مسلم لیگ (ن)  کی حکومت کو بچانے کیلئے ’’این آر او ٹو‘‘ لانے کی تیاریاں مکمل ہو چکی ہیں۔ اب حکومت سے صرف مڈٹرم انتخابات کی تاریخ پر ہی 14اگست کو بات چیت ہو سکتی ہے۔ عمران خان نے انتخابی اصلاحاتی کمیٹی میں شامل ہو کر سیاسی غلطی کر دی ہے‘ تحریک انصاف پہلی مرتبہ ’’قومی امتحان‘‘ میں شریک ہو ئی ہے جو بھی اپوزیشن جماعت 14اگست کے احتجاج سے پیچھے ہٹے گی تو سیاسی موت مر جائیگی۔ اپنے ایک انٹرویو میں شیخ رشید نے کہا نوازشریف جمہوری نہیں آمر جیسی سیاست کر رہے ہیں عید سے پہلے قربانی ناگزیر ہے اور رانا ثناء اللہ خان کا پہلے قربانی صدقہ دیکر اپنی حکومت نہیں بچا سکتے۔ آصف زرداری آج نوازشریف کی حکومت کو بچانے کیلئے کوشش کر رہے اور امریکہ کے ساتھ مل کر این آر او ٹو لانے کی تیاریاں مکمل ہو چکی ہیں مگر اس کے باوجود  حکومت کو ختم ہونے سے دنیا کی کوئی طاقت نہیں بچا سکتی پاکستان میں جمہوریت بچانے کیلئے مسلم لیگ ن کو ملک میں مڈ ٹرم انتخابات کا اعلان کرنا ہو گا۔

ای پیپر-دی نیشن