14 اگست کا لانگ مارچ ضرور ہو گا حکومت رکاوٹیں کھڑی نہ کرے: پرویز خٹک
پشاور (آئی این پی+ این این آئی) خیبر پی کے کے وزیر اعلیٰ پرویز خٹک نے کہا ہے کہ 14 اگست کا لانگ مارچ ضرور ہوگا ‘یہ ہمارا جمہوری حق ہے‘ وفاقی حکومت رکاوٹیں کھڑی نہ کرے دل بڑا رکھے‘ اسلام آباد کو پاک فوج کے حوالے کرنا حکومت کی ناکامی اور کمزوری کا منہ بولتا ثبوت ہے‘ پاک فوج بھی ہماری ہے‘ لانگ مارچ میں 10لاکھ سے زائد لوگ شرکت کرینگے‘ وقت ثابت کریگا کہ فوج ہمارا راستہ نہیں روکے گی‘ وفاقی حکومت نے الیکشن میں دھاندلی کے الزامات اور الیکشن اصلاحات کے ہمارے مطالبے پر کوئی غور نہیں کیا‘ اب مذاکرات کے دروازے بند ہو چکے۔ وہ اپنی رہائش گاہ پر عید ملنے آئے مختلف مکاتب فکر کے لوگوں، پی ٹی آئی کی تنظیموں اور اتحادی و اپوزیشن سیاسی جماعتوں کے رہنمائوں سے بات چیت کر رہے تھے۔