سوفٹ ویئر ٹیکنالوجی پارکس کوآئی سی ٹی پارکس میں تبدیل کردیا جائیگا
اسلام آباد (ثناء نیوز) انفارمیشن اور ٹیلی مواصلات کی وزارت سوفٹ ویئر ٹیکنالوجی پارکس کو انفارمیشن اینڈ کمیونیکیشن ٹیکنالوجی پارکس میں تبدیل کرے گی تاکہ جدید ترین ٹیکنالوجی سے استفادہ کیا جاسکے۔عالمی بنک نے منصوبے میں ساڑھے چار کروڑ ڈالر کی سرمایہ کاری کرنے کی خواہش ظاہر کی ہے۔مجوزہ آئی سی ٹی پارکس کو معیاری اور جدید بنیادی ڈھانچے اور آلات سے لیس کیا جائے گا تاکہ جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے کثیر المقاصد فوائد حاصل کئے جا سکیں۔وزارت کی طرف سے اٹھائے گئے نئے اقدامات میں کہا گیا ہے کہ انفارمیشن ٹیکنالوجی کمپنیوں اور وسیع تر شعبوں اور اداروں کے ماہرین کو ان پارکس سے رابطے کی سہولت حاصل ہوگی۔اس فیصلے سے تحقیق و ترقی کے مراکز کے قیام کی حوصلہ افزائی ہوگی اور انفارمیشن ٹیکنالوجی، ٹیلی مواصلات، ادویہ سازی، طبی آلات ، بائیو ٹیکنالوجی، بینکنگ اور خلائی تحقیق کے شعبوں کے ساتھ ساتھ قابل تجدید توانائی کے شعبوں کی ترقی میں مدد ملے گی۔