کوئی الیکشن دھاندلی سے پاک نہیں، وزیراعظم فوج بلانے کا فیصلہ واپس لیں: شرجیل
حیدرآباد (این این آئی) سندھ کے وزیر اطلاعات شرجیل انعام میمن نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ 14اگست کو اسلام آباد میں پی ٹی آئی کا دھرنا روکنے کے لئے فوج اور لوگوں میں تصادم کا خطرہ ہے۔ فوج دہشت گردوں کے خلاف آپریشن میں مصروف ہے اور اسے سیاسی معاملات میں ملوث کرنا غلط ہے۔ پیپلز پارٹی کے دور میں نواز شریف نے لانگ مارچ اور ڈاکٹر طاہر القادری نے دھرنا دیا تاہم پیپلز پارٹی نے ان احتجاج کا جمہوری انداز سے سامنا کیا۔ یہ بات انہوں نے اپنی رہائشگاہ پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف 245 کے تحت فوج کی تعیناتی کا فیصلہ واپس لے لیں تو عوام میں ان کی عزت بڑھے گی۔ نواز شریف کی کچن کابینہ غلطے فیصلے کر رہی ہے۔ انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ پیپلزپارٹی اپنی سیاست کرتی ہے کسی کے کندھوں پر سیاست نہیں کی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں کوئی بھی الیکشن شفاف نہیں ہوئے اور الیکشن میں کہیں نہ کہیں دھاندلی ضرور ہوئی ہے۔