سونیا گاندھی پارٹی معاملات تحکمانہ انداز میں چلاتی رہیں: نٹور سنگھ
اسلام آباد (سپیشل رپورٹ) سابق بھارتی وزیر خارجہ نٹور سنگھ نے اپنی کتاب ’’ون لائف از ناٹ انف‘‘ "ONE LIFE IS NOT ENOUGH" میں کانگریس پارٹی کی سربراہ سونیا گاندھی کو زبردست تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ سونیا گاندھی پارٹی کے معاملات تحکمانہ انداز میں چلاتی رہیں۔ وہ میکاویلی کے فلسفے کی پیروکار ہیں اور پارٹی معاملات میں اپنی مرضی چلاتی رہیں۔ نٹور سنگھ نے اپنی کتاب میں لکھا ہے کہ سونیا گاندھی نے دنیا کی ایک عظیم سیاسی جماعت کانگریس کو ختم کر کے بھارتی پارلیمنٹ میں صرف 45 ارکان پر مشتمل جماعت بنا دیا ہے۔ نٹور سنگھ نے اپنی کتاب میں توقع ظاہر کی ہے کہ نریندرا مودی بھارت کے امیج کو دنیا میں بہتر بنائیں گے۔ نٹور سنگھ نے یہ بھی لکھا ہے کہ سونیا گاندھی ایک شرمیلی اور اعصابی اعتبار سے کمزور خاتون تھیں لیکن وہ پارٹی کے اندر جلد ہی ایک ڈکٹیٹر بن کر سامنے آئیں۔ نٹور سنگھ نے لکھا ہے کہ جب وہ وزیر خارجہ تھے تو ان کی وزارت کے بعض افسر سونیا کو ان کے بارے میں غلط اطلاعات فراہم کرتے رہے۔