عوامی تحریک 14اگست کو تحریک انصاف کے آزادی مارچ میں شرکت نہیں کریگی
لاہور (ارشد بھٹی / دی نیشن رپورٹ) عوامی تحریک نے 14اگست کو تحریک انصاف کے آزادی مارچ میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ توقع کی جا رہی تھی کہ یوم آزادی پر دونوں پارٹیاں حکومت کے خلاف متحد ہو کر تحریک چلائیں گی۔ یہ رپورٹیں بھی آئی تھیں کہ عوامی تحریک آزادی مارچ میں شرکت کریگی تاہم عوامی تحریک کے صدر ڈاکٹر رحیق عباسی نے ’’دی نیشن‘‘ کو دوٹوک انداز میں ان خبروں کی تردید کی اور کہا کہ لانگ مارچ میں شرکت کرنے کا سوال نہیں، ہمارا اپنا الگ ایجنڈا ہے۔ تحریک انصاف دھاندلی کے خلاف لانگ مارچ کر رہی ہے جبکہ ہم سارے نظام کو تبدیل کرنے کی تحریک چلا رہے ہیں۔ سبز انقلاب لانے کیلئے پُرعزم عوامی تحریک اگست کے آخری ہفتے تک اپنے لانگ مارچ کا اعلان کر سکتی ہے تاہم عوامی تحریک کے صدر نے کہا کہ وہ انقلاب کی حتمی تاریخ کیلئے مشاورت کر رہی ہے۔ پارٹی قائدین کے اجلاس جاری ہیں اس بارے میں آج کوئی فیصلہ کیا جا سکتا ہے جس کے بعد طاہر القادری خود تاریخ کا اعلان کرینگے۔ طاہر القادری متعدد بار کہہ چکے ہیں کہ انکے انقلاب کی تاریخ چند ہفتوں میں سامنے آ جائیگی۔ تاہم پارٹی اب تک کوئی حتمی تاریخ کا فیصلہ نہیں کر سکی، عوامی تحریک کے ذرائع کے مطابق بعض رہنمائوں کا کہنا ہے کہ انقلاب کی تاریخ کا فیصلہ تحریک انصاف کے لانگ مارچ کے بعد کیا جائے۔