ڈیڑھ کلو میٹر ساحلی علاقے کو ڈینجر زون قرار دینے پر غور
کراچی (سالک مجید) سانحہ سی ویو کے بعد حکومت نے ڈیڑھ کلو میٹر طویل ساحلی علاقے کو’’ڈینجر زون‘‘ قرار دینے پر غور شروع کر دیا ہے۔ متعلقہ حکام نے اس حوالے سے ماہرین سے صلاح مشورے بھی کئے ہیں۔ سی ویو کلفٹن کے ساحلی کو تاریخی اعتبار سے کراچی کے دیگر ساحلی مقامات پر مثلاً ہاکس بے‘ سینڈزپٹ‘ سنہرا پوائنٹ اور کیپ مائونٹ کے مقابلے میں کم خطرناک مانا جاتا ہے لیکن تازہ سانحہ نے سی ویو کلفٹن کے ساحل کے بارے میں عام تاثر کو یکسر تبدیل کردیا ہے۔ ماہرین ارضیات اور آبی ماہرین کا کہنا ہے کہ سانحہ سی ویو سے حکومت اور عوام کو بہت کچھ سیکھنے کا موقع مل گیا ہے۔ ماہی گیروں کو بھی احتیاط برتنے کیلئے ہدایات دی جاتی ہیں۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ سی ویو کے ساحل کے آس پاس اور کراچی بندرگاہ تک جو ڈریجنگ کی جاتی رہی ہے اور رہائشی منصوبوں کی وجہ سے سمندر کی چھوڑی گئی زمین سے ریت اور مٹی اٹھائی گئی ہے وہ بھی دوررس نتائج مرتب کرتی ہے۔