• news

شاہدرہ: گھریلو جھگڑے پر بیوی، صادق آباد میں ماں، بیٹی پر تیزاب پھینک دیا گیا

فیروزوالا/ صادق آباد (نامہ نگار+ آئی این پی) لاہور میں گھریلو جھگڑے پر شوہر نے بیوی پر اور صادق آباد میں نامعلوم افراد نے ماں بیٹی پر تیزاب پھینک دیا۔ تفصیلات کے مطابق نواحی بستی چٹھہ کالونی (بیگم کوٹ) میں شوہر نے گھریلو لڑائی پر بیوی پر تیزاب پھینک دیا۔ متاثرہ خاتون کو تشویشناک حالت میں میو ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ بتایا گیا ہے کہ گوجرانوالہ کے رہائشی نوجوان قدیر احمد نے ایک سال قبل چٹھہ کالونی کی رہائشی 17 سالہ حسنین بی بی کے ساتھ تعلقات قائم کر کے لو میرج کی جو شوہر سے ناراض ہو کر اپنے میکے آ گئی۔ قدیر احمد اسے لینے کیلئے شاہدرہ آیا تو حسنین بی بی کے گھر والوں نے اسے ساتھ بھیجنے سے انکار کر دیا جس سے مشتعل ہو کر بیوی پر تیزاب پھینک دیا جو جھلس گئی۔ ریسکیو نے زخمی خاتون ہسپتال داخل کروا دیا۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچ گئی اور رپورٹ درج کر لی۔ مزید برآں صادق آباد کے علاقے سیٹلائٹ ٹاؤن میں 40 سالہ مومنہ اور اس کی 18 سالہ بیٹی آمنہ گھر کے لان میں بیٹھے تھے کہ نامعلوم افراد نے ان پر تیزاب پھینک دیا جس سے ان کے چہروں، ہاتھوں اور کمر کے حصے جھلس گئے۔ دونوں کو ڈی ایچ کیو ہسپتال لے جایا گیا جہاں ان کی حالت خطرے سے باہر ہے۔ آمنہ کے سابق شوہر احمد نے گھریلو جھگڑے پر اس کو طلاق دیدی تھی۔ ماں اور بیٹی نے تیزاب پھینکنے کی اس کارروائی کا الزام احمد پر عائد کیا۔ پولیس نے 4 نامعلوم افراد کیخلاف مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن