• news

لاہور سمیت کئی شہروں میں بارش، گوجرانوالہ میں پانی سرکاری عمارتوں میں داخل

لاہور+ گوجرانوالہ (نیوز ایجنسیاں) لاہور سمیت پنجاب کے کئی شہروں میں گزشتہ روز موسلا دھار بارش نے جل تھل کر دیا۔ گرمی اور حبس کا زور ٹوٹنے سے مرجھائے چہرے کھل اٹھے اور شہریوں نے سکھ کا سانس لیا۔ متعلقہ حکام کے عدم دلچسپی کے باعث بارش کے بعد نشیبی علاقے زیرآب آ گئے اور لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ گوجرانوالہ میں 4 گھنٹے تک جاری رہنے والی بارش کے باعث سڑکیں ندی نالوں کا منظر پیش کرنے لگیں جبکہ کئی سرکاری عمارتوں میں بارش کا پانی داخل ہو گیا۔ تفصیلات کے مطابق لاہور میں صبح سویرے سے ہی سورج اور بدلیوں میں آنکھ مچولی جاری تھی تاہم جلد ہی سیاہ بادلوں نے سورج کو پسپا ہونے پر مجبور کر دیا جس کے بعد کہیں تیز ہوائوں کے ساتھ بارش ہوئی تو کہیں بوندا باندی، بارش کے باعث شہر کا موسم خوشگوار ہوگیا اور اس کے ساتھ ہی شہریوں کی عیدالفطر کی چھٹیاں بھی دوبالا ہوگئیں۔ لاہور کے علاوہ پنجاب کے کئی شہروں میں بھی وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری رہا۔ لاہور کے کئی نشیبی علاقے زیر آب آ گئے اور کئی گھنٹے تک کئی سڑکیں تالاب کا منظر پیش کرتی رہیں۔ فیصل آباد میں بھی بارش نے ہر جانب جل تھل کر دیا۔ اس کے علاوہ گجرات، بھکر، سیالکوٹ، ساہیوال، پسرور اور چکوال میں بھی بادل کھل کر برس پڑے۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ پنجاب اور آزاد کشمیر میں بارش کا یہ سلسلہ آئندہ 2 روز تک جاری رہے گا جبکہ آئندہ 24 گھنٹوں میں صحرائے تھر سمیت سندھ کے بعض علاقوں میں بھی بارش ہو سکتی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن