وزیراعظم 2 ہفتے بعد اسلام آباد پہنچ گئے، سراج الحق سمیت سیاسی رہنمائوں سے رابطے کا امکان
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) وزیراعظم محمد نواز شریف لاہور میں قیام مختصر کرکے اسلام آباد پہنچ گئے۔ وزیراعظم 30 جولائی کو سعودی عرب سے واپس لاہور آئے تھے۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ وزیراعظم کی کم و بیش دو ہفتے اسلام آباد سے غیر حاضری کے بعد واپسی ہوئی ہے۔ شیڈول سے دو روز قبل ہی واپسی جماعت اسلامی کی طرف سے فلسطینی عوام کی حمایت میں مارچ کے اعلان، سیاسی حالات کی نزاکت اور پی ٹی آئی کے ملین مارچ کے اعلان کے پس منظر میں ہوئی ہے۔ وزیراعظم اپنے سیاسی رفقا سے صلاح مشورہ کریں گے جبکہ وزیراعظم کے جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق اور متعدد دوسری سیاسی مذہبی جماعتوں کے رہنمائوں سے رابطوں کا بھی امکان ہے۔ سرکاری حلقوں کا کہنا ہے کہ حکومت کی طرف سے جماعت اسلامی کے فلسطینی عوام کے حمایت میں مارچ کی کال کی حمایت کا واضح امکان ہے۔ حکومت اور پی ٹی آئی کے درمیان رابطے کی کوششوں کی اطلاعات بھی گردش کررہی ہیں۔ وزیراعظم صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔ وزیراعظم کی وفاقی وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان سمیت دوسرے سینئر وزراء سے ملاقاتیں متوقع ہیں۔ واضح رہے کہ وزیر داخلہ کا نام پی ٹی آئی سے رابطے کے حوالے سے لیا جارہا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ جماعت اسلامی اور دیگر مذہبی جماعتوں کے رہنمائوں سے ملاقاتیں بھی خارج ازامکان نہیں، اس سے حکومت مذہی جماعتوں کو پی ٹی اے کے مارچ سے دور رکھنے کی کوشش کریگی۔