• news

حکومت آرٹیکل 245 کے پیچھے چھپنے کی بجائے معاملات سیاسی طریقے سے حل کرے: قمر زمان کائرہ

لالہ موسیٰ(نا مہ نگار) پیپلزپارٹی کے مرکزی سیکرٹری قمر زمان کائرہ نے حکومت کو مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ حکومت آرٹیکل 245 کے پیچھے چھپنے کی بجائے سیاسی معاملات کو سیاسی طریقے اور ڈائیلاگ کے ذریعے حل کرنے کی کوشش کرے بصورت دیگر حالات اُسکے قابو سے باہر بھی ہو سکتے ہیں۔ وہ گزشتہ روز لالہ موسیٰ تھنک ٹینک حلقہ فکر و نظرکی فکری نشست کے شرکا سے ملکی سیاسی صورتحال کے حوالہ سے خصوصی خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر سیاسیات کے پروفیسر سید شعیب شاہ، ماہر معاشیات شیخ ساجد، ماہرین تعلیم سید افضال شاہ، عطاء اللہ چیمہ، صحافی اخلاق احمد ملک، افتخار بھٹہ،خالد لون سمیت اپنی اپنی فیلڈ سے متعلقہ شرکا موجود تھے۔ اُنہوں نے کہا کہ ہماری پارٹی پارلیمان کے ساتھ ہے اور جمہوری عمل کے تسلسل پر یقین رکھتی ہے۔ سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ ہم عمران خاں کے مارچ یا طاہرالقادری کے انقلاب جیسی باتوں پر یقین نہیں رکھتے تاہم جمہوری حکومت کے ناطے اُن سمیت اپوزیشن جماعتوں کو احتجاج کا حق ہے۔ اُنہوں نے سابق چیف جسٹس افتخار چوہدری کی جانب سے عمران خاں کو ہتک عزت کے نو ٹس پر اپنے خدشے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ پاکستان کی تاریخ کا بدنما داغ بن سکتا ہے۔ اگر یہ عدالتی کارروائی شروع ہوتی ہے تو پھر ایک پنڈورا بکس کُھل سکتا ہے۔ پھر یہ بات سول کورٹ سے سپریم کورٹ اور پارلیمان تک جائے گی۔ یہ معمولی بات نہیں۔ میری رائے میں ملک کے سینئر قانوں دانوں، سیاسی راہنمائوں، ججز اور محب وطن قوتوںکو معاملہ کی نزاکت کا ادراک کرتے ہوئے اسے سلجھانے کے لئے فوری طور پر اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔

ای پیپر-دی نیشن