• news

پاکستان ناکام ریاست، امریکی امداد بھارت کیخلاف استعمال کرتا ہے: سابق امریکی سفیر کا الزام

واشنگٹن (آئی این پی) سابق امریکی سفیر رونالڈ نیومین نے پاکستان کو ناکام ریاست قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان امریکہ کی طرف سے انسداد دہشت گردی کیلئے ملنے والی امداد کو بھارت کے خلاف استعمال کرتا ہے اور اس لئے اقتصادی مشکلات کا شکار ہے کیونکہ وہ تعلیم کے شعبے میں رقم خرچ نہیں کرتا،  10 سال  امداد دینے کے باوجود یو ایس ایڈ کی طرف سے معاشی فوائد کی ایک رپورٹ  بھی سامنے نہیں آئی۔ غیرملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق رونالڈ نیو مین نے کانگریس کی کمیٹی کو بتایا  کہ امریکہ کی جانب  سے پاکستان کو دی جانیوالی فوجی امداد بھارت کے خلاف لڑنے کیلئے آلات اور ہتھیار خریدنے پر استعمال کی جاتی ہے نہ کہ پاکستان اسے دہشت گردی کے خاتمے کیلئے استعمال کرتا ہے، اگر وہ ایسا کرتا تو اب تک ملک سے دہشت گردی مکمل ختم ہو چکی ہوتی۔ دوسری جانب بروکنگ انسٹی ٹیوشن کے فارن پالیسی پروگرام کے ڈائریکٹر ریسرچ مائیکل اوہان لون نے کہا کہ لشکر طیبہ جیسے دہشت گردگروہ ممبئی حملوں کے بعد افغانستان کو اپنی آماجگاہ بنا سکتے ہیں۔ پاکستان نے مبینہ طور پر لشکر طیبہ کی حمایت کی اور اسے کنٹرول کیا اب خطرہ ہے کہ افغانستان میں انتشار ایسے گروپوں کی وجہ سے ہو اور یہ پاکستان اور بھارت کے درمیان تصادم کی وجہ بھی بن سکتا ہے۔ کانگریس کی انٹرنیشنل سکیورٹی کی تجزیہ کار کیتھرین ڈیل نے کہا کہ امریکی سلامتی کیلئے افغانستان میں استحکام ضروری ہے۔

ای پیپر-دی نیشن