• news

پاکستان کو چین کیساتھ سٹرٹیجک تعلقات پر فخر ہے: جنرل راشد

اسلام آباد (آئی این پی) چیئرمین جوائنٹ چیف آف سٹاف کمیٹی جنرل راشد محمود نے پاک فوج کے تعلقات اور چین کے ساتھ سٹرٹیجک پارٹنر شپ کی تعریف کرتے ہوئے کہا ہے یہ شراکت داری آزمائش کی ہر گھڑی میں پوری اتری ہے، پاکستان چین کے ساتھ اپنے سٹرٹیجک تعلقات پر فخر کرتا ہے، دونوں ممالک کے عوام کی خواہشات اور گزرتے وقت کے ساتھ ساتھ یہ تعلقات مزید فروغ پائیں گے۔ وہ جمعہ کی شب یہاں چین کی پیپلز لبریشن آرمی کے 87 ویں یوم تاسیس کے موقع پر منعقدہ تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کررہے تھے۔ اس تقریب کا اہتمام چین کے ملٹری اتاشی میجر جنرل کی ہوا جن نے کیا تھا۔ تقریب میں پاک بحریہ کے سربراہ آصف سندھیلہ و دیگر اعلیٰ فوجی اور سول افسران نے شرکت کی۔ چینی سفیر سن ویڈونگ نے معزز مہمانوں کا استقبال کیا۔ اس موقع پر اپنے خطاب میں جنرل راشد محمود نے کہا چین کے ساتھ اپنے سٹریٹجک تعلقات پر فخر کرتا ہے، ہم ان تعلقات کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں اور اس بات پر یقین رکھتے ہیں ان تعلقات کا خطے میں امن و استحکام کیلئے اہم کردار ہے۔

ای پیپر-دی نیشن