• news

توانائی کیلئے نیوکلیئر پاور پلانٹس قائم کرنا درست اقدام ہے‘ڈاکٹر ثمر مند مبارک

اسلام آباد (اے پی پی) ایٹمی سائنسدان ڈاکٹر ثمرمند مبارک نے کہا ہے کہ ملک میں توانائی کے بحران پر قابو پانے کیلئے نیوکلیئر پاور پلانٹس قائم کرنا درست اقدام ہے۔ برطانوی نشریاتی ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نیوکلیئر توانائی کی پیداواری لاگت ہائیڈل ، ونڈ اور کوئلے سے توانائی حاصل کرنے کے مقابلے میں کم ہے۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ حکومت نے وژن 2050ءپروگرام کے تحت نیوکلیئر ری ایکٹر سے 40 ہزار میگاواٹ بجلی پیدا کرنے کا منصوبہ بنایا ہے اور یہ ہدف قلیل المدت منصوبہ بندی سے مرحلہ وار حاصل کیا جائے گا۔ انہوں نے کہاکہ تین سال قبل جب وہ پلاننگ کمیشن میں تھے تو مظفر گڑھ میں نیوکلیئر پاور پلانٹ لگانے کی تجویر آئی تھی۔ موسمی حالات، ٹرانسمیشن لائنوں کی دستیابی اور کم آبادی کے علاوہ دریاﺅں میں پانی کی موجودگی سمیت بہت سی وجوہات کی بناءپر اس علاقے کا انتخاب کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ انٹرنیشنل اٹامک انرجی کمیشن کو بھی اس منصوبے، عوام اور علاقے کی سیفٹی کو یقینی بنانے کیلئے اس معاملے پر اعتماد میں لیا گیا۔ پاکستان کا نیوکلیئر پاور پلانٹس کی تنصیب کے حوالہ سے ماضی کا ریکارڈ بہت اچھا ہے، ہم ضرور وہ آلات استعمال کرتے ہیں جو آئی اے ای اے سے لائسنس یافتہ ہیں، اس لئے اس منصوبے کے حوالہ سے بین الاقوامی برادری کے کوئی تحفظات نہیں کیونکہ پاکستان ایک ذمہ دار ملک ہے۔

ای پیپر-دی نیشن