پورٹ قاسم پر خصوصی اقتصادی زون کے قیام کی منظوری
کراچی (آئی این پی) سرمایہ کاری بورڈ نے کراچی میں پورٹ قاسم پر خصوصی اقتصادی زون کے قیام کی منظوری دیدی جس میں سرمایہ کاروں کو تمام سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ جمعرات کو ذرائع کے مطابق پورٹ قاسم کے قریب 930ایکڑ پر محیط بن قاسم انڈسٹریل پارک کے قیام پر تقریباً دس ارب روپے لاگت آئے گی۔ حکومت کا اندازہ ہے کہ اس خصوصی اقتصادی زون میں پچاس ارب روپے کی براہ راست سرمایہ کاری ہوگی جس سے ملک کی مجموعی معیشت کے حجم میں ایک سو ارب روپے کاا ضافہ اور پچاس ہزار افراد کے لئے روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔یہ منصوبہ درمیانے اور بڑے درجے کے ان تاجروں کی ضروریات پوری کرنے کے لئے تیار کیا گیا ہے جو انجینئرنگ اورسٹیل کی صنعت میںسرمایہ کاری کرنا چاہتے ہیں۔مجوزہ صنعتی زون میں انجینئرنگ ،فاﺅنڈریز ،سٹیل سازی، فرنیچر اور لکڑی کی دوسری مصنوعات کی تیاری کے علاوہ کیمیکلز ،غذائی اشیائ، ادویہ سازی اور مشروبات تیار کرنے والے کارخانے شامل ہونگے۔