اے ڈی بی‘ ایل این جی ٹرمینل کی تعمیر کیلئے قرض دینے پر رضامند
اسلام آباد(آئی این پی) ایشیائی ترقیاتی بینک نے پورٹ قاسم پر ایل این جی ٹرمینل کی جلد تعمیر کیلئے قرضے کی فراہمی کیلئے آمادگی ظاہر کردی‘ اینگرو پاک ٹرمینل لمیٹڈ سے جلد ہی معاہدے کا امکان ہے جبکہ قرضہ ملنے کی صورت میں جون 2015ء تک ٹرمینل کی تعمیر مکمل ہونے کا امکان ہے۔ جمعہ کو انتہائی قابل اعتماد ذرائع نے بتایا کہ ایشیائی ترقیاتی بینک نے پورٹ قاسم پر ایل این جی ٹرمینل کی تعمیر کیلئے اینگرو پاک ٹرمینل لمیٹڈ کی جانب سے قرضے کے حصول کی درخواست کو زیر غور لانے کا فیصلہ کیا ہے۔ وزارت پٹرولیم نے بھی ایل این جی کی جلداز جلد درآمد شروع کرنے کیلئے ایشیائی ترقیاتی بینک کو قرضے کی درخواست زیر غور لانے کی درخواست کی تھی جبکہ ذرائع کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ آئندہ دو سے چار ہفتے کے دوران ایشیائی ترقیاتی بینک اور اینگرو پاک ٹرمینل لمیٹڈ کے مابین قرضے کے معاہدے پر دستخطوں کا امکان ہے جبکہ اس کیلئے گارنٹی حکومت پاکستان فراہم کرے گی۔ مزید واضح رہے کہ مذکورہ قرضہ ملنے کی صورت میں پورٹ قاسم پر بھی ایل این جی ٹرمینل کی تعمیر جون 2015ء تک مکمل ہونے کے امکانات کافی روشن ہوجائیں گے بصورت دیگر ایل این جی کی درآمد کا منصوبہ کھٹائی میں پڑنے کا خطرہ ہے۔