وزارت آئی ٹی کا عمارتوں میں توانائی کی بچت منصوبے پر کام مکمل
اسلام آباد (اے پی پی) وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی وٹیلی مواصلات نے عمارتوں میں توانائی کے استعمال میں بچت کیلئے متعارف کرائے گئے منصوبے پر کام مکمل کرلیا ہے ۔ توانائی بچت کے اس منصوبے کو توانائی کی پیداوار کیلئے ایک انتہائی اہم ایندھن قراردیاگیا ہے بھاری آلات خودکار طریقہ سے کنٹرول کرنے سے توانائی میں خاطر خواہ بچت ہوگی ۔ یہ نظام تمام اہم اورکثیر المنزلہ عمارات میں لاگو ہوگا ۔ وزارت کے ذیلی ادارہ نیشنل آئی سی ٹی اینڈ آرڈی فنڈ نے لاہور یونیورسٹی آف مینجمنٹ سائنسز کے تعاون سے اس منصوبے کو مکمل کیا ہے ۔ذرائع نے بتایا کہ اس منصوبے کے ذریعے کوئی بھی شہری توانائی کے استعمال میں بچت کا منصوبہ تیار کرسکتا ہے جس کے ذریعے اسے یوٹیلٹی بلوں کی مد میں بچت ہوگی اور ملکی سطح پر توانائی کا استعمال کم کیاجاسکے گا انہوں نے بتایاکہ یہ مصنوبہ گھروں ‘ دفاتر اور دیگر کاروباری عمارتوں کیلئے موثر ہوگا جو توانائی کے بڑے صارفین کیلئے بہت زیادہ مدد گار ہوگا ۔ ذرائع نے مزید بتایا کہ یہ نظام توانائی کے تحفظ کے سلسلہ میں بجلی کی فراہمی اوراستعمال کے سیلف مینجمنٹ سسٹم پر مشتمل ہوگا ۔صارفین توانائی کے استعمال سے آگاہ ہوں گے اور انھیں وقتاً فوقتاً اپنی بلنگ سے آگاہی رہے گی ۔ ذرائع نے بتایا کہ عالمی حدت اور فوسل فیول کی کمی اور توانائی کا استعمال مستقبل کی ٹیکنالوجی وترقی کا بڑا مرکز ہوگا اور دنیا کی بہت سے حکومتیں نئے انرجی انفراسٹرکچر پرمنتقل ہوجائیںگی اسے سمارت گرڈ کانام دیاجارہا ہے اس منصوبے پردنیا بھر میں کام ہورہاہے اس سے توانائی پیداوار ‘ ترسیل استعمال کا نظام بہتر ہوگا اور توانائی کے کم سے کم استعمال کو یقینی بنایاجاسکے گا علاوہ ازیں شمسی لیول اور ونڈ ٹرائنز بھی عمارتوں میں نصب کرکے عمارتوں کو روشن اور ہوا دار بنایاجاسکے گا ۔