• news

سیالکوٹ : ماڈل کسٹمز کلیکٹریٹ ڈرائی پورٹ کے ذریعے2013-14 برآمدات میں17.1 فیصد اضافہ

سیالکوٹ(نامہ نگار)ماڈل کسٹمزکلیکٹریٹ سیالکوٹ ڈرائی پورٹ کے ذریعے مالی سال 2013-14 میں ہونے والی برآمدات میں ریکارڈ 17.1فیصد اضافہ ہوا ہے۔ یہ برآمدات بڑھ کر 11.17ارب روپے کی ہو گئیں۔ کلکٹر کسٹمز سیالکوٹ قربان علی خان نے بتایا کہ برآمد کنندگان کو ان کے برآمدی مال کی تیزی سے کلیئرنس اور دیگر متعلقہ سہولیات کی بر وقت فراہمی کو یقینی بنایا جس کی وجہ سے مذکورہ برآمدات میں ریکارڈ اضافہ ہوا۔انہوں نے کہا کہ سیالکوٹ کے ایکسپورٹرز کے لئے ون ونڈو آپریشن اور سیالکوٹ ڈرائی پورٹ کے شیڈ یارڈ میں سنگل ایگزامینیشن اور اسیسمنٹ آفس کے قیام پر سیالکوٹ کے برآمد کنندگان نے ماڈل کسٹمز کلیکٹوریٹ اور سیالکوٹ ڈرائی پورٹ کی انتظامیہ پر اپنے بھرپور اعتماد کا اظہار کیا ہے۔ کلکٹر قربان علی خان نے مزید بتایا کہ سیالکوٹ ڈرائی پورٹ سے لیدر مصنوعات کی برآمدات میں 16.3فیصد، سپورٹس گڈز کی برآمدات میں 7.1فیصد،سرجیکل انسٹرومنٹس کی برآمدات میں 17.9فیصد، ٹیکسٹائل کی برآمدات میں28.8فیصد ، کٹلری مصنوعات کی برآمدات میں7.8فیصد اور دیگر متفرق برآمدات میں 5.5فیصد ریکارڈ اضافہ ہوا ہے۔جبکہ گزشتہ مالی سال کے دوران سیالکوٹ ریجن کے ایکسپورٹرز میں 1154ملین روپے ری بیٹ کلیمز کی مد میں ادا کئے گئے۔کلکٹر قربان علی خان نے مزید بتایا کہ سیالکوٹ کسٹمزنے عرصہ دراز سے التواء کے شکار ری بیٹ کلیمز کی سیالکوٹ کے ایکسپورٹرز اور امپورٹرز کو ادائیگی کا سلسلہ بھی شروع کر دیا ہے۔گزشتہ ماہ جولائی2014میں33کروڑ روپے کے ری بیٹ ادا کئے گئے۔جس سے سیالکوٹ کی انڈسٹری میں سرمایہ آنے سے مقامی صنعتی سرگرمیوں میں تیزی آئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیالکوٹ کی برآمدات کو فروغ دینے اور استحکام بخشنے کے لئے ضروری ہے کہ سیالکوٹ ریجن کے برآمدکنندگان ، درآمدکنندگان اور کسٹمز کلیئرنگ و کارگو ایجنٹس اپنا بزنس سیالکوٹ ڈرائی پورٹ اور سیالکوٹ انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے ذریعے کریں۔ جہاں انہیں جدید ترین سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ بزنس کمیونٹی کے تمام مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جا رہے ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن