نواز شریف کی رمیزہ مجید نظامی کی رہائش گاہ جا کر مجیدنظامی کے انتقال پر تعزیت
لاہور (خصوصی رپورٹر) وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے مجید نظامی کا وصال قومی نقصان ہے، وہ قائداعظمؒ اور علامہ اقبالؒ کے سچے پیروکار تھے اور انہوں نے اپنی تمام عمر انکے افکار کو فروغ دینے اور نظریہ پاکستان کے محافظ کے طور پر بسر کی۔ انہوں نے اپنے عظیم بھائی حمید نظامی مرحوم کا لگایا ہوا پودا جس طرح تناور درخت بنایا وہ انہی کا خاصہ تھا۔ ان خیالات کا اظہارانہوں نے معمار نوائے وقت مجید نظامی کی وفات پر انکی صاحبزادی‘ ایڈیٹر انچیف نوائے وقت گروپ اور ایڈیٹر نوائے وقت رمیزہ مجید نظامی سے انکی رہائش گاہ پر تعزیت کے موقع پر کیا۔ انہوں نے مجید نظامی مرحوم کے لئے فاتحہ پڑھی۔ وزیراعظم نواز شریف نے مزید کہا نظامی صاحب نے جرأت و دلیری کے ساتھ ڈکٹیٹروں کا مقابلہ کیا اور بے شمار نقصانات اٹھائے مگر انکے پائے استقلال میں کبھی لرزش نہ آئی۔ انہوں نے ایڈیٹر انچیف نوائے وقت گروپ اور ایڈیٹر نوائے وقت رمیزہ مجید نظامی سے مخاطب ہو کر کہا آپکے والد مرحوم کی وفات سے جو خلا پیدا ہوا ہے وہ کبھی پُر نہیں ہو گا تاہم مجھے امید ہے آپ (رمیزہ مجید نظامی) اپنے بہادر اور نظریاتی والد کے نقش قدم پر چلتے ہوئے نوائے وقت گروپ کو نظریاتی سرحدوں کے توانا محافظ کی حیثیت سے چلائیں گی۔
نوازشریف/تعزیت