• news

انتشار کی سیاست کا وقت ہے نہ ملک احتجاج کا متحمل ہو سکتا ہے : شہباز شریف

لاہور(خصوصی رپورٹر)وزیراعلیٰ شہبازشریف نے کہا ہے کہدہشت گردی کے خلاف جنگ کے نتیجے میں شمالی وزیرستان کے بے گھر ہونے والے بہن بھائیوں کی مدد ہم سب کی قومی اور دینی ذمہ داری ہے۔ پنجاب حکومت نقل مکانی کرنے والوں خاندانوں میں کروڑوں روپے کی مالی امداد تقسیم کرچکی ہے جبکہ 54ہزار متاثرہ خاندانوں کو دوبارہ مالی امداد کی تقسیم کا عمل جلد شروع کیاجا رہا ہے۔ متاثرہ خاندانوں میں امدادکی تقسیم کے لئے شفاف نظام وضع کیا گیا ہے۔ میری اپیل پر مخیر حضرات دل کھول کر آئی ڈی پیز کے لئے قائم کئے گئے ’’چیف منسٹرز ریلیف فنڈ‘‘ میں عطیات جمع کرارہے ہیں اور حکومت عطیات کی ایک ایک پائی امانت سمجھ کر نہایت شفاف طریقے سے مستحقین تک پہنچا رہی ہے۔ مری میں مسلم لیگ (ن) کے ارکان اسمبلی اور پارٹی کے عہدیداروں سے ملاقات کے دوران گفتگو کر رہے تھے۔ شہباز شریف نے کہا کہ متاثرہ خاندانوں کی گھروں کو واپسی اور بحالی تک کسی صورت چین سے نہیں بیٹھیں گے۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ کے خاتمے اور متاثرہ علاقے میں قیام امن کے بعد  پنجاب حکومت شمالی وزیرستان میں 2 ہزار گھر، ایک جدید ترین ہسپتال، یونیورسٹی اور دانش سکول تعمیر کرے گی۔ یہ وقت آئی ڈی پیز کی خدمت اوران کی بھرپور مدد کا ہے ناکہ انتشار کی سیاست کا۔ملک اس وقت جن حالات سے گزر رہا ہے ان کو مدنظر رکھتے ہوئے احتجاجی سیاست کسی صورت مناسب نہیں اورنہ ہی ملک احتجاجی سیاست کامتحمل ہو سکتاہے کیونکہ یہ وقت اتحاد اور اتفاق کا ہے۔ دہشتگردوں کے خلاف جنگ میں بے گھر شمالی وزیرستان کے پختون بہن بھائی عظیم پاکستانی ہیں۔ علاوہ ازیں شہباز شریف نے مسلم لیگ (ن) آزاد جموں و کشمیر کے صدر و سابق وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان کی ہمشیرہ کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن