جماعت الدعوۃ آج یکجہتی فلسطین کارواں نکالے گی، 8 اگست کو یوم احتجاج منایا جائیگا
لاہور (سپیشل رپورٹر+ نیوز ایجنسیاں) امیر جماعت الدعوۃ پروفیسر حافظ محمد سعید نے کہا ہے کہ پاکستان، سعودی عرب اور دیگر مسلم ممالک اسرائیل کو ڈیڈ لائن دیں کہ اگر اس نے فلسطین پر جارحیت بند نہ کی تو اسکے خلاف فوجی کارروائی سے بھی گریز نہیں کیا جائیگا۔ جماعت الدعوۃ نے اسرائیلی جارحیت کیخلاف ملک گیر تحریک کا آغاز کردیا۔ آج لاہور میں ناصر باغ سے مسجد شہداء مال روڈ تک تاریخی یکجہتی فلسطین کاررواں ہوگا۔ کارواں اور اسکے اختتام پر منعقد جلسہ عام میں ملک بھر کی مذہبی و سیاسی قیادت شریک ہو گی جبکہ 6 اگست جمعہ کو اسرائیلی بربریت کے خلاف یوم احتجاج منایا جائیگا اور ملک بھر میں ضلعی و تحصیل سطح پر احتجاجی مظاہروں اور ریلیوں کا انعقاد کیا جائیگا۔ انہوں نے کہا کہ نوازشریف اسلامی سربراہی کانفرنس بلا کر مسلم ممالک کے سربراہان کو جمع کریں اور غزہ کی ناکہ بندی ختم کروانے کیلئے اپنا کردار ادا کریں۔ تمام سیاسی و مذہبی جماعتیں باہمی اختلافات ختم کر کے مظلوم فلسطینی بھائیوں کی مدد کا فریضہ سرانجام دیں۔ وہ مرکز القادسیہ چوبرجی میں پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔ حافظ سعید نے کہا کہ غزہ میں مظلوم مسلمانوں نے پاکستان اور اسکی فوج کو مدد کیلئے پکارا ہے۔ اگرچہ اس وقت پاکستانی فوج شمالی وزیرستان آپریشن میں مصروف ہے اور بیرونی قوتوں نے وطن عزیز پر پراکسی وار مسلط کر رکھی ہے لیکن اسکے باوجود پاکستانی فوج اللہ کے فضل و کرم سے اس قابل ہے کہ وہ ان مشکل حالات کے باوجود مظلوم فلسطینی بھائیوں کی مدد کر سکتی ہے۔ اللہ تعالیٰ قرآن پاک میں مسلمانوں کو حکم دیتا ہے کہ جب کسی علاقے کے مظلوم مسلمان مدد کیلئے پکاریں تو انکی مدد کیلئے پہنچو اور اگر آپ ایسا نہیں کریں گے تو ساری زمین فتنہ و فساد سے بھر جائیگی۔ ہم قرآن کے اس حکم کو خاص طور پر پاکستان اور پھر پوری دنیا کے حکمرانوں کے سامنے پیش کرتے ہوئے اپیل کرتے ہیں کہ وہ غزہ کے مسلمانوں کو مظالم سے نجات دلانے کیلئے اپنے فرض کو یاد رکھیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ صرف جماعت الدعوۃ کا نہیں پوری اُمت کے دفاع کا مسئلہ ہے۔ ہم حکومت پاکستان اور تمام سیاسی و مذہبی جماعتوں سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ باہمی اختلافات ختم کر دیں۔ غزہ کے مظلوم مسلمانوں کا خون ہمیں پکار رہا ہے۔ سب سیاسی مسئلے بعد میں ہیں۔ ہمیں سب سے پہلے اپنے مظلوم فلسطینی بھائیوں کی مدد کرنی چاہئے۔ ابھی تک صرف پاکستانی وزیراعظم نوازشریف اور سعودی عرب کے شاہ عبداللہ کا فلسطینیوں پر مظالم کے حوالہ سے بیانات سامنے آئے ہیں مگر ہم سمجھتے ہیں کہ صرف مذمتی بیانات کافی نہیں ہیں جس طرح ذوالفقار علی بھٹو نے اسلامی کانفرنس بلائی تھی اسی طرح نوازشریف کو بھی چاہئے کہ وہ سعودی عرب سمیت تمام مسلم ممالک کے سربراہان کو جمع کر کے مظلوم فلسطینیوں کو غاصب اسرائیل کے مظالم سے نجات دلانے کیلئے بھرپور کردار ادا کریں۔ جماعت الدعوۃ نے فلسطین کے مسئلہ پر ملک بھر کی تمام مذہبی و سیاسی جماعتوں کو ساتھ ملا کر بھرپور تحریک چلانے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس سلسلہ میں لاہور سمیت ملک بھر کے تمام ضلعی و تحصیلی مقامات پر احتجاجی مظاہروں و ریلیوں کا انعقاد کیا جائے گا اور عوام میں شعور بیدار اور حکمرانوں پر دبائو بڑھایا جائے گا کہ وہ اپنی ذمہ داری ادا کریں۔
جماعت الدعوۃ/ احتجاج