ماہ آزادی، مسلم لیگ ن کے زیراہتمام تقریبات جاری
لاہور (خصوصی رپورٹر) تحریک پاکستان کے شہداء کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے مسلم لیگ (ن) کے زیراہتمام ماہ آزادی منائے جانے کے دوسرے روز صوبائی دارالحکومت میں پاکستان کا سبز ہلالی پرچم لہرانے اور پاکستان کے جھنڈے کا بیج لگانے کی متعدد تقریبات منعقد ہوئیں۔ پرچم کشائی کی مرکزی تقریب مسلم لیگ (ن) کے لاہور آفس میں ہوئی جہاں برستی بارش میں لیبر ونگ لاہور کے صدر شہزاد انور چودھری اور آفس سیکرٹری سرفراز شاہ نے پرچم کشائی کی۔ اس موقع پر کارکنوں سے شہداء پاکستان، قائداعظم، پاکستان اور وزیراعظم نوازشریف کے حق میں نعرے بازی کی جبکہ وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف کو عوام کی خدمت کرنے پر زبردست خراج تحسین پیش کیا گیا۔ پارلیمانی سیکرٹری انفارمیشن و کلچر رانا محمد ارشاد نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت عوام کی بہتری کے لئے دن رات کوشاں ہے۔ سیاسی مخالفین منفی سیاست کرکے ملک و قوم کو شدید نقصان پہنچا رہے ہیں۔ اگست کا مہینہ آزادی کے مہینہ کے طور پر منایا جا رہا ہے جس میں ہم اپنی نوجوان نسل کو آزادی کی قیمت بارے مختلف تقریبات کے ذریعے ان کے ذہنوں میں نقوش اُبھار رہے ہیں۔ صوبائی وزیر محنت و انسانی وسائل اور پنجاب میں آزادی تقریبات کمیٹی کے سربراہ راجہ اشفاق سرور نے کہا ہے کہ جشن آزادی کے پروگرام بھرپور انداز میں منعقد کریں گے۔ اپنے گھروں پر پاکستان کا سبز ہلالی پرچم لہرائیں گے۔ وزیراعظم پاکستان محمد نوازشریف کی قیادت میں ملک کو ترقی اور خوشحالی کی منزل سے ہمکنار کرنے کے عزم کا اعادہ کیا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جناح ہال مری میں جشن آزادی کی تقریبات کے حوالے سے منعقد ہونے والے ایک اجلاس میں کیا۔ راجہ اشفاق سرور نے کہا کہ ملک اس وقت کسی احتجاجی سیاست اور دھرنے کا متحمل نہیں ہو سکتا۔ اس وقت ضرورت اس امر کی ہے کہ تمام سیاسی قوتیں اکٹھی ہوں اور مل کر پاکستان کی بقائ، استحکام اور ترقی میں اپنا کردار ادا کریں۔