وسائل محدود، ٹینس کے فروغ کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھائے ہیں: کلیم امام
لاہور (نمائندہ سپورٹس) میں نے اپنے دور میں محدود وسائل کے باوجود ٹینس کے فروغ کے لیے ہر ممکن اقدامات اٹھائے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار پاکستان ٹینس فیڈریشن کے صدر سید کلیم امام نے نوائے وقت کے ساتھ گفتگو میں کہا۔ انہوں نے کہا کہ سپورٹس بورڈ سے فیڈریشن کو صرف نو لاکھ سالانہ ملتے ہیں جبکہ فیڈ کپ اور ڈیوس کپ میں کھلاڑیوں کے سفری اخراجات ہی 20لاکھ خرچ ہو جاتے ہیں۔ ہم نے فیڈ کپ اور ڈیوس کپ میں مسلسل اپنی ٹیم بھیجی ہے۔ لڑکیوں اور جونیئر کھلاڑیوں کو بھی کھیل نے بھرپور مواقع فراہم کیے ہیں۔ اب نومبر میں الیکشن ہو رہے ہیں۔ ہم سے غلطیاں بھی ہوئی ہیں لیکن نیک نیتی سے جو وعدے کیے تھے ان کو پورا کرنے کی کوشش کی ہے۔