عوامی مسائل کا حل نہ نکالا تو 14 اگست کو ہم بھی کوئی تاریخ دے دینگے: فاروق ستار
کراچی (اے پی اے+ ثنا نیوز) متحدہ قومی موومنٹ کے رہنما ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا ہے کہ اگر کراچی میں میئر ہوتا تو سی ویو سانحہ پر عوام اس کا گریبان پکڑ سکتے تھے، کراچی میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے مقامی حکومتوں کا معاملہ صوبائی اسمبلی میں اٹھانے کا اعلان کیا اور کہا کہ اگر ایوانوں میں عوام کے مسائل کا حل نہیں نکلتا تو 14 اگست کو ہم بھی عوام کو کوئی تاریخ دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ عید الفطر کراچی میں تفریح کے لئے جانے والے بے قصور شہریوں کو سمندر کے سامنے چھوڑ دیا گیا۔ اتنے بڑے سانحے کی ذمہ داری کوئی بھی لینے کو تیار نہیں۔ ادارے اپنی ذمے داریاں ایک دوسرے پر ڈال کر محض ٹوپی ڈرامہ کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان کی جماعت کراچی کے مسائل کے حل کے لئے ایک مہم کا آغاز کر رہی ہے۔ صوبائی اسمبلی کے اجلاس میں مقامی حکومتوں کا معاملہ اٹھائیں گے، اجلاس میں سانحہ سی ویو سمیت صوبے کے دیگر مسائل پر غور کیا جائے گا۔ وزیرسندھ سے ملاقات کر کے شہری علاقوں کے مسائل سے آگاہ کریں گے۔ مقامی حکومتوں کے لیے مظاہرہ یا دھرنا دینا پڑا تو وہ بھی دیں گے۔ اس سلسلے میں قومی اسمبلی میں بھی تمام معاملات اٹھائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی خصوصاً سندھ کے مسائل کا حل مقامی حکومتوں کے نظام ہیں۔
فاروق ستار