• news

قیادت نے استعفے باضابطہ نہیں مانگے مگر 21 ایم این ایز پیش کرنے کو تیار ہیں: حامدالحق

پشاور(ثنا نیوز+ نوائے وقت رپورٹ) پاکستان تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی انجینئر حامد الحق نے کہا ہے کہ اگرچہ پارٹی قیادت نے باضابطہ طور پر ان سے استعفے نہیں مانگے تاہم خیبر پی کے سے تعلق رکھنے والے21 ارکان قومی اسمبلی ذہنی طور پر استعفے پیش کرنے کے لئے تیار ہیں۔ پشاور میںنجی ٹی وی سے گفتگو میں انجینئر حامد الحق نے کہا کہ چار اگست کو اسلام آباد میں ہونے والے پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں آزادی مارچ کے حوالے سے اہم فیصلے متوقع ہیں۔ اگرچہ پارٹی قیادت نے ان سے استعفے نہیں مانگے تاہم اجلاس میں استعفے طلب کرنے کا فیصلہ ہوا تو خیبر پی کے سے تعلق رکھنے والے تحریک انصاف کے 17 مرد اور4 خواتین ارکان اپنے استعفے پارٹی قیادت کو پیش کریں گے۔ آزادی مارچ میں دس لاکھ افراد کی شرکت متوقع ہے۔ دریں اثنا تحریک انصاف کے رکن صوبائی اسمبلی شوکت علی یوسف زئی نے کہا ہے کہ یونین کونسل کی سطح سے آزادی مارچ میں شرکت کے لئے کارکنوں کی رجسٹریشن جاری ہے۔ اب تک پچاس ہزار افراد رجسٹرڈ ہو چکے ہیں۔ خیبر پی کے سے ایک لاکھ افراد آزادی مارچ میں شرکت کریں گے۔ شوکت یوسف زئی نے بتایا کہ پارٹی قیادت نے ارکان صوبائی اسمبلی سے استعفے طلب کئے تو وہ اپنے استعفے پیش کرنے میں ایک لمحے کی بھی تاخیر نہیں کریں گے۔
حامدالحق

ای پیپر-دی نیشن