• news

وزیراعظم کی قیادت میں ملک ترقی کر رہا ہے‘ احتجاجی سیاست کی کوئی گنجائش نہیں : شہباز شریف

لاہور (خصوصی رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ ملک میں احتجاجی سیاست کی کوئی گنجائش نہیں، عوام کو ترقی اورخوشحالی کے لانگ مارچ کی ضرورت ہے۔ وزیراعظم محمد نواز شریف کی قیادت میں ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہے، بعض عناصر عوام کی خوشحالی کے پروگرام میں رکاوٹ ڈالنا چاہتے ہیں لیکن پاکستان کے باشعور عوام ایسے احتجاجی عناصر کو یکسر مسترد کر دیں گے۔ پنجاب حکومت نے رواں مالی سال کے لئے صوبے کی تاریخ کے سب سے بڑے بجٹ کی صورت میں بے مثال فلاحی اور انقلابی پروگرام ترتیب دیا ہے اور ترقیاتی سکیموں کے لئے 345ارب روپے کے ریکارڈ فنڈز رکھے گئے ہیں جن میں سے 119ارب روپے جنوبی پنجاب کی تعمیر و ترقی پر صرف کئے جا رہے ہیں جس سے جنوبی پنجاب میںترقی کے نئے دور کا آغاز ہو گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز مری میں مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے ارکان اسمبلی اور مسلم لیگ ن کے وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ شہباز شریف نے بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ مسلم لیگ (ن) کی سیاست کا محور عوام کی خدمت اور محروم معیشت طبقات کے معیار زندگی میں بہتری لانا ہے، اسی مقصد کے پیش نظر صوبے بھر میں بڑے منصوبے برق رفتاری سے مکمل کئے جا رہے ہیں۔ پنجاب کو ترقی کے لحاظ سے مثالی صوبہ بنانا ہمارا عزم ہے اور قومی وسائل کی ایک ایک پائی صوبے کی تعمیر و ترقی پر نہایت شفاف طریقے سے صرف کی جا رہی ہے۔ آئندہ چار برسوں کے دوران صوبے کی شرح ترقی کا ہدف 8فیصد سالانہ مقرر کیا گیا ہے اور اس ہدف کے حصول کے لئے تمام اداروں، عوامی نمائندوں اور سرکاری حکام کو محنت اور جانفشانی سے کام کرنا ہو گا۔ انہوں نے کہاکہ سرمایہ کاری، تعمیراتی سرگرمیوں کے فروغ اور صنعتکاری کے عمل کو تیز کر کے غربت اور بے روز گاری جیسے مسائل پر قابو پایا جا سکتا ہے۔ حکومت نے اس مقصد کے لئے موثر حکمت عملی اپنائی ہے۔ سرمایہ کاروں کو بہترین سہولتیں دی جا رہی ہیں۔ صوبے بھر میں تعمیراتی سرگرمیوں او رصنعتوں کے فروغ کے لئے ہر ممکن اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ آئندہ چار برسوں کے دوران روزگار کے 40 لاکھ مواقع پیدا کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے اور اس ہدف کو ہر قیمت پر حاصل کریں گے۔ پنجاب حکومت ڈیفڈ کے اشتراک سے سکل ڈویلپمنٹ کے پروگرام پر عمل پیراہے اور اس پروگرام کے ذریعے اب تک ہزاروں بچوں اور بچیوں کو فنی تربیت دی جا چکی ہے۔ آئندہ چار برسوں میں 20 لاکھ مرد و خواتین کے لئے فنی تعلیم کا مربوط پروگرام تشکیل دیا گیا ہے۔ جنوبی پنجاب کی آبادی کے تناسب سے زیادہ فنڈز مختص کئے گئے ہیں۔ ہمارا ہر قد م عوام کی فلاح کے لئے اٹھ رہا ہے۔ ارکان اسمبلی اورمسلم لیگ ن کے مختلف وفود نے اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہاکہ وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف کا ترقیاتی وژن زبردست ہے۔ وہ دن رات صوبے کے عوام کی خدمت کر رہے ہیں۔ وہ صوبے کو ترقی کی بلندیوں تک پہنچا کر دم لیں گے۔ علاوہ ازیں شہباز شریف نے جسٹس (ر) عبدالمجید ٹوانہ اور بریگیڈیئر (ر) نیاز احمد کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے الگ الگ تعزیتی پیغامات میں دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحومین کی ارواح کو جوار رحمت میں جگہ دے۔
شہباز شریف

ای پیپر-دی نیشن