پاکستان اسرائیلی مظالم کیخلاف متحرک، عالمی پارلیمانی لیڈرز کانفرنس بلانے کا فیصلہ
اسلام آباد (آن لائن) پاکستان فلسطینیوں پر اسرائیلی مظالم کے خلاف عالمی سطح پر بھرپورکردار ادا کرنے کے لئے متحرک ہو گیا۔ اس حوالے سے پارلیمانی لیڈرز کی کانفرنس بلانے کیساتھ ساتھ وزیراعظم نوازشریف تمام مسلم ممالک کی قیادت سے بھی رابطوں کا پروگرام بنارہے ہیں۔ فلسطینیوں پر ڈھائے جانے والے مظالم پر پاکستان کے کردار کے تعین کے لئے وزیراعظم نواز شریف نے پارلیمنٹ کے اندر موجود تمام سیاسی جماعتوں کے ذمہ داروں خصوصاً پارلیمانی لیڈرز کو اعتماد میں لینے کا فیصلہ کیا ہے۔ ذرائع کے حوالے سے رپورٹ کے مطابق حکومتی سطح پر فلسطینیوں کیخلاف صہیونی بربریت کو سنجیدگی سے لیا جا رہا ہے اور آئندہ دو چار روز میں باقاعدہ اجلاس وزیراعظم ہاوس میں بلایا جارہا ہے۔ پارلیمانی لیڈرز کی کانفرنس بلانے کے ساتھ ساتھ نواز شریف ترکی، ابوظہبی، سعودی عرب، ایران سمیت تمام مسلم ممالک کی قیادت سے بھی رابطوں کا پروگرام بنا رہے ہیں۔ قومی اسمبلی اور سینٹ اجلاس میں حکومت اسرائیلی بربریت کے خلاف اور مظلوم فلسطینی عوام سے اظہار یکجہتی کے لئے قراردادیں منظور کرائے گی۔ قومی اسمبلی کا اجلاس 4 اگست اور سینٹ کا 8 اگست کو ہوگا۔
پاکستان متحرک