’’نظامی صاحب رعب دار شخصیت کے مالک تھے‘ کبھی قہقہہ لگاتے نہیں دیکھا‘‘ ڈرائیور صغیر عباسی
اسلام آباد (نوائے وقت نیوز) ’’جناب مجید نظامی صاحب جیسا ہمدرد‘ بردبار اور مہمان نواز شخص زندگی میں نہیں دیکھا‘ ذاتی ملازمین کی ضروریات کا جتنا خیال وہ رکھا کرتے تھے شاید ہی کوئی اور شخص اپنے ملازمین کا رکھتا ہو… مجھے اب بھی ایسا لگتا ہے کہ وہ اسلام آباد پہنچنے پر لاؤنج سے باہر آئیں گے اور میں سلام کرتے ہوئے ان کا بیگ پکڑ لوں گا‘‘۔ یہ کہتے ہوئے صغیر احمد عباسی کی آواز شدت جذبات سے مغلوب ہو گئی اور وہ روہانسا ہو گیا۔ یونین کونسل پھگواڑی سے تعلق رکھنے والے صغیر عباسی گزشتہ 25 سال سے نوائے وقت راولپنڈی اسلام آباد کا ملازم ہے اور وہ نوائے وقت گروپ کے ایڈیٹر انچیف ڈاکٹر مجید نظامی کے ذاتی ڈرائیور کے فرائض انجام دیتا رہا ہے۔ صغیر عباسی کا کہنا تھا کہ جناب نظامی صاحب کا اپنے ملازمین کے ساتھ بہت اچھا سلوک تھا، انہوں نے ملازمین کو کبھی بھی ملازم کی حیثیت سے نہیں دیکھا وہ مجھے بیٹوں کی طرح رکھتے تھے۔ جب بھی وہ اسلام آباد آتے ائرپورٹ پر سلام دعا کے بعد گاڑی میں بیٹھتے تو پوچھتے ہاں بھئی صغیر… آپ کے دفتر اور سٹاف کا کیا حال ہے‘ سب کچھ ٹھیک ہے کوئی مسئلہ تو نہیں۔ صاحب بہت ہی بردبار اور رعب دار شخصیت کے مالک تھے، کبھی قہقہہ لگاتے نہیں دیکھا۔ میں نے اپنی زندگی میں نظامی صاحب کو کبھی بھی کسی بات پر خفگی کا اظہار کرتے ہوئے نہیں دیکھا، اگر کبھی وہ کسی بات یا معاملے پر خفا ہوتے تو وہ خاموشی اختیار کر لیتے تھے۔ اسلام آباد آنے پر وہ اپنے دیرینہ دوستوں مرحوم نسیم انور بیگ‘ بلوچستان ٹائمز کے ایڈیٹر فصیح اقبال مرحوم اور کرنل نور الٰہی مرحوم سمیت دیگر دوستوں سے ضرور ملتے تھے۔ اسلام آباد ایف 8/4 میں اپنی رہائش گاہ پر مالی کو اکثر انعام سے نوازتے رہتے تھے۔ عید تہوار پر وہ اپنے ہاتھوں سے ہمیں اور ہمارے بچوں کیلئے عیدی اور کپڑے دیا کرتے تھے اور اگر لاہور میں ہوتے تو ہمیں وہاں سے خاص طور پر بھجوایا کرتے تھے۔ ان کی رحلت بہت ہی مقدس رات کو ہوئی‘ اللہ تعالیٰ انہیں کروٹ کروٹ جنت نصیب کرے۔ (آمین!)
ڈرائیور کے تاثرات