سری لنکا کیخلاف ٹیسٹ سیریز کھلاڑیوں کے لئے سب سے بڑا امتحان ہو گی: اکرم رضا، عامر نذیر، شاہد انور
لاہور( حافظ محمد عمران/نمائندہ سپورٹس)دورہ سری لنکا کیلئے متوازن ٹیم کا انتخاب کیا گیا ہے۔ کھلاڑیوں نے تربیتی کیمپ میں محنت بھی کی ہے لیکن ٹیسٹ میچز میں کامیابی کیلئے پاکستان کو ہر اننگز میں تین سو رنز کم ازکم کرنا ہوں گے۔ ان خیالات کا اظہار سابق ٹیسٹ آف سپنر اکرم رضا نے وقت نیوز کے پروگرام گیم بیٹ میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ٹیسٹ سیریز میں کھلاڑیوں کے ٹمپرامنٹ کا سب سے بڑا امتحان ہوگا۔ ہمیں ہر سیشن کو پلان کرکے کھیلنا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ نظرانداز کیے جانیوالے کھلاڑیوں نے ماضی میں عمدہ کارکردگی نہیں دکھائی ہے۔ ان دنوں کچھ سینئز کرکٹرز ڈراپ کیے جانے پر تنقید کرتے نظر آرہے ہیں لیکن یہ بھی حقیقت ہے کہ موقع ملنے پر وہ عمدہ کارکردگی اور توقعات کے مطابق پرفارم کرنے میں ناکام رہے۔ اکرم رضا نے کہا کہ گرانٹ فلاور دماغی کھلاڑی تھا ممکن ہے وہ اس شعبے میں بلے بازوں کو بہتر کرنے میں کامیاب ہوجائے۔ ٹیسٹ کرکٹر عامر ندیر کا کہنا تھا وقار یونس ، مشتاق احمد کی صلاحیتوں پر کوئی شک نہیں۔ ماضی میں بھی وقاریونس کی کوچنگ میں ٹیم کی کارکردگی میں بہتری آئی تھی۔ اصل مسئلہ کھلاڑیوں کا ہے کوچنگ سٹاف کا کام سیکھانا ہے لیکن سیکھنا کھلاڑیوں نے ہے اگر وہ دلچسپی کا مظاہرہ نہ کریں کیا ہوسکتا ہے؟ عامر نذیر نے کہا کہ اس دورہ سری لنکا سے زیادہ امید یں ہیں۔معمول کی کرکٹ دیکھنے کو ملے گی۔ کھلاڑیوں کو ملک کیلئے کھیلنا چاہیے۔ انٹرنیشنل کرکٹر و کوچ شاہد انور نے کہا کہ دورہ سری لنکا کے لیے متوازن ٹیم کا انتخاب کیا گیا ہے۔ اس دورے سے خرم منظور، محمد طلحہ، عمراکمل اور احمد شہزاد کو سٹاربن کر نکلنا چاہیے، فاسٹ بائولنگ میں جنید خان کو بھی اپنا کردارنبھانا ہوگا وقاریونس نے تربیتی کیمپ میں دل لگا کر محنت کی ہے اور کھلاڑیوں نے بھی ان کے ساتھ بھرپور تعاون کرکے ٹریننگ میں دلچسپی لی۔ محنت رائیگاں نہیں جاتی، کھلاڑیوں کو آرام کے بعد کھیلنے کا موقع مل رہا ہے جبکہ شارجہ کے مقام پرآخری ٹیسٹ میچ بھی ٹیم پاکستان نے جیتا تھا۔ اس کا بھی فائدہ ہوگا۔