• news

عافیہ کی رہائی ‘ وائٹ ہائوس میں پٹیشن کیلئے ایک لاکھ دستخط مکمل ہوچکے: فوزیہ صدیقی

کراچی (آئی این پی)امریکہ میں قید ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی بہن اور عافیہ موومنٹ کی سربراہ   ڈاکٹر فوزیہ  صدیقی نے کہا کہ امریکی ایوان صدر وائٹ ہائوس میں عافیہ صدیقی کی وطن واپسی کیلئے دائر کی گئی پٹیشن کے ایک لاکھ دستخط مکمل ہوچکے ہیں اور ان میں اضافہ جاری ہے ، 11سفاکانہ سال کے بعد عافیہ کی رہائی کا ایک اور اہم موقع فراہم ہوا ہے۔گزشتہ گزرنے والے ماہ ہمارے لئے امید اور حوصلہ افزائی کا ایک بہت بڑا ذریعہ ثابت ہوا ہے ۔ ہمیں امید ہے کہ امریکی صدر بارک اوبامہ دنیا بھر کے لوگوں کا عافیہ کی رہائی کے حق میں متفقہ ریفرنڈم کا احترام کریں گے ۔وہ اتوار کو یہاں پریس کانفرنس سے خطاب کررہی  تھیں ۔ انہوں نے کہا کہ  وائٹ ہائوس انتظامیہ کے اعلامیہ کے مطابق 3لاکھ 49ہزار ایک سو 44پٹیشن فائل کی گئی ہیںجن میں سے ایک فیصد سے بھی کم ایک لاکھ دستخط کا مطلوبہ ہدف حاصل کرسکی ہیں جن میں ایک عافیہ کی رہائی کیلئے دائر پٹیشن نے بھی کامیابی حاصل کی ہے ۔ اب دنیا کی سب سے بڑی اور عظیم جمہوریت کا امتحان ہے کہ وہ کس طرح عالمی سول سوسائٹی کی آواز کا جواب دیتے ہیں ۔  اس موقع پر انہوں نے کہا ہم غزہ اور سی ویو کے متاثرین اور دنیا بھر  کے سیاسی قیدیوں کیلئے خصوصی طورپر دعا گو ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن